تحریک انصاف کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس 15جولائی کو طلب ،اجلاس میں آزادی مارچ کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا

پیر 14 جولائی 2014 07:47

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14جولائی۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ( کورکمیٹی ) کا اجلاس 15جولائی کو اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے۔اجلاس میں تحریک انصاف کے آزادی مارچ کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا اور 14اگست کے مارچ سے روکنے کے لئے تحریک انصاف کے اہم راہنماوٴں کو ممکنہ گرفتاری سے بچانے کے لئے لائحہ عمل ترتیب دیئے جانے کے علاوہ اسرائیل اور فلسطین کے معاملے پر بھی غور کیا جائے گا اور غزہ میں فلسطینی بھائیوں پر رمضان المبارک کے دوران اسرائیل کی طر ف جاری مسلسل حملوں کے باوجود اقوام متحدہ و امریکہ سمیت عالمی طاقتوں کی خاموشی کے خلاف لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس کل 15جولائی کو اسلام آباد میں عمران کی خان کی رہائش گاہ ( بنی گالہ) میں طلب کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

عمران کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وزیر اعلی خیبر پختونخواہ پرویز خٹک، پارٹی وائس چیرمین شاہ محمود قریشی، پارٹی صدر مخدوم جاوید ہاشمی،رکن قومی اسمبلی، شفقت محمود، ڈاکٹر شیریں مزاری، علی محمد خان، پارٹی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عارف علوی، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سیف اللہ خان نیازی و دیگر ممبران کور کمیٹی شرکت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں تحریک انصاف کے آزادی مارچ سے متعلق تمام تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا اور مارچ کے حوالے سے حتمی ایجنڈے پر بحث کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں حکومت کی طرف سے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت پارٹی کی سینئر قیادت کی ممکنہ گرفتاری یا نظر بندی بارے بھی غور کیا جائے گا او ر اس حوالے سے مستقل حل نکالا جائے گا۔پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں غزہ( فلسطین) اور اسرائیل کے معاملے پر بھی غور کیا جائے گا اوراقوام متحدہ سمیت عالمی براداری کی اس معاملے پر خاموشی کے خلاف بھی لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا اور ممکنہ طورپر اقوام متحدہ سے رجوع کرنے پر بارے بھی غور کیا جائے گا۔