ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل رضوان اختر کو تبدیل کرکے ان کی جگہ میجر جنرل بلال اکبر کو تعینات کردیاگیا

پیر 14 جولائی 2014 07:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14جولائی۔2014ء)پاک فوج نے ڈائریکٹر جنرل رینجرز سندھ میجر جنرل رضوان اختر کو تبدیل کرکے ان کی جگہ میجر جنرل بلال اکبر کو ڈی جی رینجرز تعینات کردیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ترجمان نے ڈی جی رینجرز سندھ کی تبدیلی کی تصدیق کر دی ہے۔آئی ایس پی آر ترجمان کا کہنا ہے کہ اپنے عہدے کی مدت پوری کرنے والے میجر جنرل رضوان اختر اگست تک کام کرتے رہیں گے جس کے بعد میجر جنرل بلال ان کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

واضح رہے کہ جی ایچ کیو کی جانب سے ڈی جی رینجرز کی تبدیلی کا فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب کراچی میں دہشت گردوں اور ٹارگٹ کلر کے خلاف رینجرز اور پولیس کا مشترکہ آپریشن جاری ہے۔جبکہ کراچی کی سب سے بڑی سیاسی جماعت متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سیاسی آپریشن پر تحفظات کی اظہار کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ آپریشن کی آڑ میں ان کے کئی کارکنان اور ہمدردوں کو ماورائے عدالت قتل کیا جا رہا ہے۔

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی کو فون کرکے آپریشن پر اپنے تحفظات ظاہر کیے تھے جس پر کور کمانڈر کراچی نے انہیں اس حوالے سے تحقیقات کی یقین دہانی کرائی تھی۔الطاف حسین نے آرمی چیف کو اس حوالے سے کھلا خط بھی لکھنے کا بھی اعلان کیا تھا تاہم ایم کیو ایم ذرائع کے مطابق اب کورکمانڈر کراچی کی جانب سے یقین دہانی کے بعد خط نہ لکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق کورکمانڈر کراچی نے الطاف حسین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ غیرقانونی کاموں میں ملوث رینجرز افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :