افغان الیکشن کمیشن کا ووٹوں کی پڑتال تین ہفتوں میں مکمل کرنے کا اعلان، ووٹوں کی پڑتال کا کام دونوں امیدواروں کے نمائندوں کی موجودگی میں شروع کیا جائے گا،سربراہ احمد یوسف نورستانی

پیر 14 جولائی 2014 07:50

کابل،ویانا (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14جولائی۔2014ء)افغا نستان میں الیکشن کمیشن کے سربراہ نے تین ہزار پولنگ سٹیشنز پر ڈالے گئے اسی لاکھ ووٹوں کی پڑتال کا کام تین ہفتے میں مکمل کرنے کی اعلان کیا ہے۔الیکشن کمیشن کے سربراہ احمد یوسف نورستانی نے اتوار کو ایک پریس کانفرنس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ چودہ جون کو دوسرے مرحلے کی ووٹنگ میں ڈالے گئے اسی لاکھ ووٹوں کی پڑتال کے لیے الیکشن کمیشن جے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

نورستانی نے کہا کہ پڑتال کرنے والے عملے کی تربیت کے بعد ووٹوں کی پڑتال کا کام دونوں امیدواروں کے نمائندوں کی موجودگی میں شروع کیا جائے گا۔ادھر امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا کہ دونوں افغان صدارتی امیدواروں نے گذشتہ ماہ ہونے والے دوسرے مرحلے کے صدارتی انتخابات میں ڈالے جانے ووٹوں کی مکمل دوبارہ گنتی کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

(جاری ہے)

گذشتہ روز کابل میں افغان صدارتی امیدوار عبداللہ عبداللہ اور اشرف غنی سے بات چیت کے بعد جان کیری نے کہا تھا کہ تمام 80 لاکھ ووٹوں کی جانچ پڑتال 24 گھنٹوں کے اندر اندر شروع کر دی جائے گی۔

انھوں نے کہا تھا کہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی بین الاقوامی معیار کے مطابق کی جائے گی جس میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔

دونوں امیدواروں نے ا س بات پر بھی اتفاق کر لیاہے کہ ان میں سے جو بھی صدر بن جائے وہ جلد ہی قومی اتحاد والی حکومت بنائیں گے۔ خیال رہے کہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کابل میں کی جائے گی جہاں نیٹو کی نگرانی میں صوبوں سے تمام ووٹوں کو لایا جائے گا۔

اس سے پہلے کابل میں ہفتہ کو کو امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے افغانستان میں صدارتی انتخابات کے بعد پیدا ہونے والے بحران کو حل کرنے کے لیے سارا دن مشکل اور پیچیدہ مذاکرات میں گزار۔کابل میں امریکی سفارت خانے میں جان کیری نے سابق وزیر خزانہ اشرف غنی احمد زئی اور وزیر خارجہ عبداللہ عبداللہ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ان مذاکرات کا محور اقوام متحدہ کی طرف سے گذشتہ ماہ ہونے والے انتخابات میں ڈالے گئے ووٹوں کی پڑتال تھا۔