شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کی مدد کے لئے فنڈز جمع کرنے کی غرض سے صوبے کے چار بڑے شہروں میں ٹی ٹوئنٹی میچز کروائے جائیں گے، رانا مشہوداحمد ، پہلا میچ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں 18-جولائی رات دس سے ایک بجے تک حمزہ شہباز الیون اور شاہد آفریدی الیون کے درمیان منعقد ہوگا،میچ سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی آئی ڈی پیز کے لئے وزیراعلی پنجاب کے ریلیف فنڈ میں جمع کروائی جائے گی، صوبائی وزیرقانون کا اجلاسوں سے خطاب

پیر 14 جولائی 2014 07:44

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14جولائی۔2014ء) صوبائی وزیرقانون، تعلیم و سپورٹس پنجاب رانا مشہوداحمد نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کی مدد کے لئے فنڈز جمع کرنے کی غرض سے صوبے کے چار بڑے شہروں راولپنڈی، ملتان ، فیصل آباد اور لاہور میں ٹی ٹوئنٹی میچز کروائے جائیں گے اور اس سلسلے میں پہلا میچ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں 18-جولائی رات دس سے ایک بجے تک حمزہ شہباز الیون اور شاہد آفریدی الیون کے درمیان منعقد ہوگا- میچ سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی آئی ڈی پیز کے لئے وزیراعلی پنجاب کے ریلیف فنڈ میں جمع کروائی جائے گی- صوبائی وزیر نے راولپنڈی کے شہریوں بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آئی ڈی پیز کی مدد کے لئے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں 18-جولائی کو منعقد ہونے والے ٹی ٹوئنٹی میچ میں قومی جذبے کے تحت شریک ہو کر دنیا کو یہ پیغام دیں کہ دہشت گردی کی جنگ میں اور شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کی مدد اور بحالی کے لئے پوری پاکستانی قوم ایک پیج پر ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے -انہوں نے کہا کہ وزراء، ارکان اسمبلی، سرکاری افسران سمیت ہر ایک شخص اپنا ٹکٹ خرید کرمیچ دیکھنے کے لئے سٹیڈیم میں داخل ہو سکے گا- میچ دیکھنے کے لئے کم سے کم ٹکٹ پانچ سو روپے کا ہوگا -انہوں نے ان خیالات کا اظہار کمشنر آفس راولپنڈی میں مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی،پارٹی ٹکٹ ہولڈرز، تاجروں، وکلاء اور تعلیمی اداروں کے سربراہان کے علیحدہ علیحدہ اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا- آئی ڈی پیز کی مدد اور بحالی کے لئے فنڈز جمع کرنے کی کمیٹی کے کوآرڈی نیٹر محمدحنیف عباسی، رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ایم این اے، صوبائی پارلیمانی سیکریٹری چوہدری سرفراز افضل، انجینئرقمر الاسلام ایم پی اے ، ملک عمر فاروق، رکن صوبائی اسمبلی بیگم زیب النساء، ضیاء اللہ شاہ ، شہریار ریاض، ملک شکیل اعوان، مرزا منصور بیگ، ملک غلام رضا، دیگر پارٹی رہنماؤں ، تاجروں کے نمائندوں، پاکستان مسلم لیگ (ن) لائرز فورم کے عہدیداروں، چیئرمین بورڈ آف گورنرز راولپنڈی میڈیکل کالج و الائیڈ ہاسپٹلز ڈاکٹر محمد اسلم کے علاوہ کمشنر راولپنڈی زاہد سعید، ڈی سی او ساجد ظفرڈال، محکمہ تعلیم کے افسران اور کالجوں اور یونیورسٹیوں کے سربراہان نے ان اجلاسوں میں شرکت کی -صوبائی وزیرقانون و تعلیم نے کہا کہ آئی ڈی پیز کی امداد کے لئے فنڈ ریزنگ میچز کروانے کا مقصد پوری دنیا میں پاکستان کے اس پیغام کو پہنچانا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تمام پاکستانی متحد اور ایک ہیں اورسری لنکا کی طرح پاکستان کو بھی دہشت گردی سے پاک کرکے دم لیں گے - رانا مشہود احمد نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے لوگوں نے دہشت گردی کے خاتمے کی خاطر اپنے گھروں کو چھوڑا ہے اور وہ سخت موسمی حالات میں نقل مکانی کرکے بنوں اور گرد و نواح کے علاقوں میں آئے ہیں اور آج مشکل وقت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی وفاقی اور صوبائی حکومت ان کی بحالی اور گھروں تک واپسی تک ہر لحاظ سے مدد کرنے کی کوششیں کر رہی ہے- شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کو آئندہ چھ سات ماہ تک ان کی گھروں کو واپسی اور بحالی تک اپنے پاکستانی بھائیوں کی مدد کی اشد ضرورت ہے اور اس مقصد کے لئے وفاقی حکومت کی طرف سے فی خاندان کو ماہانہ سات ہزار روپے جبکہ پنجاب حکومت کی طرف سے 6800 روپے ماہانہ مدد فراہم کی جا رہی ہے - صوبائی وزیر نے کہا کہ آئی ڈی پیز کی مدد اور بحالی کے لئے راولپنڈی میں منعقد ہونے والے حمزہ شہباز الیون اور شاہد آفریدی الیون کے مابین کرکٹ میچ کے لئے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے طلباوطالبات ، تاجر، وکلاء، سیاسی عہدیدار، کارکن اور دیگر تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ ٹکٹ خرید کر شرکت کریں اور قومی اور دینی جذبے کے تحت آئی ڈی پیز کی بھرپور مدد کریں - انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ، ملتان،فیصل آباد اور لاہور میں منعقد ہونے والے میچوں میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والوں کی فیملیز کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا جائے گا اور شہداء کا دل کھول کر خراج تحسین پیش کیا جائے گا - انہوں نے کہا کہ آئی ڈی پیز کی مدد کے لئے والنٹیئرز کی شہبازشریف والنٹیئرزفورس بھی تیار کی جا رہی ہے جس کی رجسٹریشن جاری ہے اور یہ رضا کار آئی ڈی پیز کی مدد کے لئے لوگوں کو مزید متحرک کریں گے - رانا مشہور احمد نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی بقاء اور مستقبل کی جنگ ہے اور حکومت عوام کے تعاون سے اس جنگ کو کامیابی سے ہمکنار کرکے آنے والی نسلوں کے لئے محفوظ اور خوشحال پاکستان کے وجود کو یقینی بنائے گی -آئی ڈی پیز کی مدد اور بحالی کے لئے فنڈز جمع کرنے کی کمیٹی کے کوآرڈی نیٹر محمدحنیف عباسی ، ارکان قومی اسمبلی ملک ابرار احمد، ڈاکٹرطارق فضل چوہدری، صوبائی پارلیمانی سیکریٹری چوہدری سرفراز افضل اور دیگر مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ آئی ڈی پیز کی مدد کے لئے نہ صرف بھرپور مہم چلائی جائے گی بلکہ راولپنڈی سے وزیراعلی محمدشہبازشریف کے ریلیف فنڈ میں خاطرخواہ رقوم جمع کرائی جائیں گی-اجلاس میں راولپنڈی کے ارکان قومی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کی طرف سے مجموعی طور پر 55 لاکھ روپے کے فنڈز اپنی طرف سے دینے اور 72لاکھ روپے سے زائد فنڈز تاجروں و مخیر حضرات کی طرف سے جمع کروانے کا موقع پر اعلان کیا گیا- اجلاس میں کمشنر زاہد سعید اور ڈی سی او راولپنڈی ساجدظفرڈال نے18-جولائی کو آئی ڈی پیز کے لئے فنڈ ریزنگ کی غرض سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں منعقد ہونے والے کرکٹ میچ کی سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دی -