شہبازشریف نے 165 دن کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہونے والے آزادی چوک فلائی اوور کا افتتاح کر دیا،پاکستان کو تباہ کرنے کا لانگ مارچ نہیں چاہیے‘ ترقی اور خوشحالی کا لانگ مارچ کریں گے،5ارب 35کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے سرکلرروڈ اور آزادی چوک فلائی اوور سے عوام کو بہترین سفری سہولتیں میسر آئیں گی،منصوبے سے 2 لاکھ گاڑیوں کو فائدہ پہنچے گا اور سالانہ ایندھن کی مد میں 90 کروڑ روپے بچت ہو گی، وزیراعلیٰ پنجاب

پیر 14 جولائی 2014 07:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14جولائی۔2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے165دن کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہونے والے سگنل فری آزادی چوک فلائی اوور اور نیوسرکلر روڈ کے متبادل روٹ کے عظیم الشان منصوبے کا آج رات افتتاح کر دیا۔ منصوبے پر 5 ارب 35 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔ فلائی اوور انٹرچینج کی مجموعی لمبائی 2.53 کلومیٹر ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے روزانہ 2لاکھ گاڑیوں کو فائدہ پہنچے گا اور سالانہ ایندھن کی مد میں 90 کروڑ ر وپے کی بچت ہو گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی چوک کا یہ منصوبہ صرف 6 ماہ کی قلیل مدت میں مکمل ہوا جس سے نہ صرف عوام کو بہترین سفری سہولتیں میسر ہوں گی بلکہ قیمتی وقت بھی بچے گا اور میٹروبس بھی یہاں سے وقت ضائع کئے بغیر گزرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں عوام کو تباہ کرنے والا لانگ مارچ نہیں چاہیے ہم پاکستان کو ترقی یافتہ بنانے اور خوشحال کرنے کا لانگ مارچ کریں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آزادی چوک منصوبہ لاہور کی خوبصورتی اور حسن میں اضافے کی تکمیل کے ساتھ ساتھ معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا اور اس منصوبے کی تکمیل سے ہم علاقے میں عظیم قومی یادگاروں بادشاہی مسجد‘ شاہی قلعہ اور مینار پاکستان کو ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ کرنے کے بھی قابل ہو جائیں گے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ لاہور زندہ دل لوگوں کا شہر ہے‘ جسے پاکستان کا ثقافتی دارالحکومت اور ایشیا کا دل ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

اسے ہم سب نے مل کر خوبصورت پارکوں‘ باغوں اورپھولوں کا شہر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے لاہور کو خوبصورت اور دلکش بنانے کے لئے خصوصی اقدامات کئے۔ آج بھی پنجاب کے عوام کو تعلیم‘ صحت‘ ٹرانسپورٹ‘ صفائی ‘ معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے بہترین انفراسٹرکچر حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔