اسرائیلی حملوں میں مزید 8 فلسطینی جاں بحق

پیر 11 اگست 2014 03:47

غزہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11اگست۔2014ء)اسرائیل نے ایک بار پھر غزہ میں موت کا کھیل کھیلنا شروع کردیا ہے۔ ہفتے کو بھی صیہونی طیارے غزہ پر بمباری کرتے رہے جس کے نتیجے میں 8مزید فلسطینی شہید ہوگئے۔ غزہ میں اسرائیلی جارحیت دوسرے ماہ میں داخل ہوگئی ہے۔ اسرائیلی طیارے غزہ کی بستیوں پر بموں کی برسات کررہے ہیں۔ہفتے کو بھی اسرائیل نے دیر البلاح اور رفاح کے علاقے پر 50فضائی حملے کیے جن میں 8 فلسطینی شہید ہوئے۔

(جاری ہے)

حماس نے بھی اسرائیل کی جانب 25راکٹ فائر کیے جس کے باعث ایک اسرائیلی فوجی اور ایک شہری زخمی ہوا۔

ادھرمغربی کنارے کے علاقے الخلیل میں فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی جن میں 15 فلسطینی نوجوان زخمی ہوگئے۔رم اللہ کے علاقے میں بھی اسی طرح کی جھڑپیں ہوئیں۔فلسطینی حکام کادعویٰ ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کیلئے مصر میں بالواسطہ مذاکرات آج پھر شروع ہونے کا امکان ہے جس میں شرکت کیلئے اسرائیلی وفد آج قاہرہ پہنچے گا جہاں فلسطینی وفد اور مصری رابطہ کار پہلے سے موجود ہیں۔8 جولائی سے شروع ہونے والی جنگ میں 1900 سے زائد فلسطینی شہید جبکہ64 فوجیوں سمیت 67 اسرائیلی ہلاک ہوچکے ہیں۔