سیاسی انتشار پرویز مشرف کو بھگانے کے لئے پھیلایا جا رہا ہے،راجا ظفر الحق،نواز شریف کو پرویز مشرف کی رہائی کے لئے شدید دباؤ کا سامنا ہے،عمران جھوٹ بول رہے ہیں ۔نواز شریف کو دنیا بھر میں عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے،تقریب سیخطاب

پیر 11 اگست 2014 03:33

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11اگست۔2014ء)مسلم لیگ (ن) کے رہنما راجہ ظفر الحق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کو پرویز مشرف کی رہائی کے لئے شدید دباؤ کا سامنا ہے،آزادی مارچ اور انقلاب جیسا سارا ڈرامہ پرویز مشرف کی رہائی کے لئے رچایا جارہا ہے ۔راولپنڈی میں یوم آزادی کے حوالے سے ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اقتدار کی ہوس نہیں ہے وہ منتخب وزیر اعظم ہیں۔

حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور انشاء اللہ آئندہ انتخابات مسلم لیگ (ن) ہی جیتے گی۔پرویز مشرف ملک سے بھاگنا چاہتے ہیں ۔

نواز شریف پر مشرف کی رہائی کے لئے شدید دباؤ ہے۔آج ملک میں جو بھی ڈرامہ رچایا جارہا ہے صرف مشرف کی رہائی کے لئے کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران جھوٹ بول رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

نواز شریف کو دنیا بھر میں عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ۔

انہوں نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان اختلافات ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ مشرف اسرائیل کو تسلیم کرنے والے تھے انہوں نے لندن میں اسرائیلی وزیر اعظم سے ملاقات بھی کی تھی۔صحافیوں نے پوچھا کہ ملاقات کیوں کی تو انہوں نے کہا کہ میری ملاقات جاتے جاتے ان سے بات ہوئی حالانکہ یہ ملاقات پہلے سے طے شدہ تھی ۔عمران پرویز مشرف کے ریفرنڈم کی حمایت کرتے رہے ہیں انہوں نے حمایت کے لئے کروڑوں روپے لئے۔