پولیس ملازمین پر تشدد‘ رانا شعیب ادریس نے 18 اگست تک عبوری ضمانت منظور کروالی، آئندہ تاریخ پیشی پر ملزم کیخلاف درج مقدمے کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا جائے

پیر 11 اگست 2014 03:26

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11اگست۔2014ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی رانا شعیب ادریس نے انسداد دہشت گردی کی عدالت سے اپنے خلاف درج مقدمہ میں 18 اگست تک عبوری ضمانت منظور کروالی‘ قبل ازیں ملزم نے عدالت عالیہ لاہور سے گیارہ اگست تک ضمانت قبل از گرفتاری منظور کروائی تھی اور عدالت نے شعیب ادریس کو حکم دیا تھا کہ وہ آئندہ تاریخ پیشی پر انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش ہوں۔

(جاری ہے)

ملزم کیخلاف پولیس نے تھانے پر ہلہ بولنے اور پولیس ملازمین پر تشدد کرنے اور سنگین نوعیت میں ملوث ملزمان کو چھڑوانے کے الزام میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ اب ملزم شعیب ادریس نے گیارہ اگست سے پہلے ہی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں اپنے وکلاء کے ہمراہ پیش ہوکر 18 اگست تک عبوری ضمانت کروالی ہے۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج اشتیاق احمد نے متعلقہ پولیس کو حکم دیا ہے کہ آئندہ تاریخ پیشی 18 اگست کو ملزم کیخلاف درج مقدمے کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا جائے اس دوران ملزم شعیب ادریس ایم پی اے کو گرفتار نہ کیا جائے۔

ملزم شعیب ادریس کی طرف سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر تنویر اختر رندھاوا اور سابق سیکرٹری بار ایسوسی ایشن فرخ گلزار اعوان پیش ہوئے۔

متعلقہ عنوان :