افغان صوبہ غزنی میں مقامی انٹیلی جنس ایجنسی کے دفتر پر حملہ، 13 طالبان سمیت 24 افراد ہلاک، ڈیڑھ سو سے زائد زخمی ،حملہ آور انٹیلیجنس ایجنسی کی عمارت میں گھسنا چاہتے تھے کوشش کو ناکام بنادیا گیا، نائب صوبائی گورنر

جمعہ 5 ستمبر 2014 08:04

کابل(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5ستمبر۔2014ء) افغان شہر غزنی میں واقع ایک انٹیلی جنس ایجنسی کے دفتر پر حملے اور دھماکوں کے نتیجے میں 13 حملہ آوروں سمیت 24 افراد ہلاک جبکہ ڈیڑھ سو سے زائد زخمی ہو گئے۔افغانستان کے صوبہ غزنی کے نائب صوبائی گورنر محمد علی احمدی نے غیر ملکی خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ 13 طالبان حملہ آوروں نے صوبائی دارالحکومت غزنی میں واقع نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی کی عمارت کے باہر پہلے دو بم دھماکے کئے جس کے بعد فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا۔

(جاری ہے)

حملہ آور انٹیلیجنس ایجنسی کی عمارت میں گھسنا چاہتے تھے تاہم ان کی کوشش کو ناکام بنادیا گیا اور جھڑپوں کے دوران 13 طالبان سمیت 24افراد ہلاک جبکہ ڈیڑھ سو سے زائد زخمی ہوگئے۔ افغان طالبان کے ترجمان نے غزنی میں ہونے والی اس کارروائی کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ دریں اثناء افغان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونیوالے بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی افغان علاقے میں سڑک کنارے بم دھماکے کے نتیجے میں سات افغان فوجی ہلاک ہوگئے ۔واضح رہے کہ رواں برس افغان طالبان نے مقامی اور غیر ملکی فوج کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ تیز کردیا ہے۔ یہ کارروائیاں ایسے علاقوں میں بھی کی گئی ہیں جہاں نیٹو افواج کا کنٹرول مضبوط ہے۔