فیصل آباد،مسلم لیگ(ن) کے ایم پی اے رانا شعیب ادریس اور اس کے دیگر ساتھیوں کو پولیس نے انسداد دہشتگردی کی عدالت سے گرفتار کرلیا

جمعہ 5 ستمبر 2014 08:03

فیصل آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5ستمبر۔2014ء)مسلم لیگ(ن) کے ایم پی اے رانا شعیب ادریس اور اس کے دیگر ساتھیوں کو پولیس نے انسداد دہشتگردی کی عدالت سے گرفتار کرلیا،ملزم رانا شعیب ادریس اور اس کے دیگر چھ ساتھیوں نے عدالت عالیہ کے حکم پر عبوری ضمانت کروا رکھی تھی،ملزم جمعرات کو اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں پیش ہوا جہاں عدالت کے جج ملک اشتیاق احمد نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم رانا شعیب ادریس اور اس کے دیگر ساتھیوں کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے پولیس کو ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا،چنانچہ پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرکے تھانہ فیکرٹری ایریا کے حوالات میں بند کردیا،ملزمان کو کل جسمانی ریمانڈ کیلئے عدالت میں پیش کیا جائے گا،ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے گزشتہ ماہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ فیصل آباد کے علاقہ تھانہ کھڑیانوالہ میں حملہ کرکے خطرناک اشتہاری ملزمان کو چھڑانے کے ساتھ ساتھ پولیس ملازمین کو تشدد کا نشانہ بنایا جس سے ایک سب انسپکٹر کے علاوہ تھانے کے دیگر ملازمین شدید زخمی ہوگئے،بعد ازاں ملزم رانا شعیب ادریس فرار ہوگیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کو اطلاع ملنے پر ملزموں کے خلاف دیگر دفعات کے علاوہ انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے پولیس کو گرفتار کرنے کا حکم دیا جبکہ فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے سابق صوبائی وزیر قانون راناثناء اللہ اور دیگر ممبران قومی وصوبائی اسمبلی ملزمان کو مقدمہ سے ڈسچارج کرانے کی بھرپور کوشش کرتے رہے اور اس سلسلہ میں فیصل آباد کے سی پی او اور آر پی او کو فیصل آباد سے تبدیل بھی کردیاگیا تھا،

چنانچہ نئے سی پی او ڈاکٹر سہیل تاجک نے مقدمے کا چالان جلد از جلد مکمل کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا اور ساتھ ہی دوسال قبل ملزم کی طرف سے پہلے ہی تھانے پر حملہ کرکے ملازمین کو زدوکوب کرنے کے مقدمہ کا ریکارڈ طلب کیا تو معلوم ہوا کہ مقدمہ کی فائنل ہی غائب کر دی گئی چنانچہ سی پی او ڈاکٹر سہیل تاجک نے تھانیدار اور ریکارڈ انچارج محرر کو معطل کرکے انہیں گرفتار کرادیا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق آئی جی پنجاب پولیس مشتاق احمد سکھیرا نے فیصل آباد پولیس کو حکم دیا ہے کہ ملزم جتنا بھی بااثر ہو یا جو بھی ممبران اسمبلی اس کی پشت پناہی کریں مقدمہ کی تفتیش میرٹ کے مطابق کی جائے اور ملزم رانا شعیب اور دیگر ساتھیوں کے خلاف مقدمے کا جلد از جلد چالان انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :