ویٹی کن سٹی ، کیتھولک مشائخ کی سالانہ کانفرنس، کیتھولک مشائخ طلاق اور ہم جنس پرستی پر متفق نہیں،کانفرنس کسی بڑے فیصلے کے بغیر ہی ختم ہو گئی

پیر 20 اکتوبر 2014 07:48

ویٹی کن سٹی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20اکتوبر۔2014ء)ویٹی کن سٹی میں دو ہفتوں تک جاری رہنے والی کیتھولک مشائخ کی سالانہ کانفرنس (Synod) کسی بڑے فیصلے کے بغیر ہی ختم ہو گئی ہے۔جرمن خبررساں ادارے کے مطابق اِس کانفرنس میں پوپ فرانسِس کی تمنا تھی کہ کارڈینلز طلاق اور ہم جنسی پرستی کے بارے میں قدرے نرم رویہ اپنائیں لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔ ختم ہونے والے اجلاس میں دنیا بھر سے 183 کارڈینلز شریک تھے۔

(جاری ہے)

ویٹیکن کے ترجمان فیڈریکو لومبارڈی نے میڈیا کو بتایا کہ اجلاس کے شرکاء نے ایک رپورٹ مرتب کی ہے اور اْس میں لبرل اور قدامت پسند کارڈینلز کے خدشات اور تحفظات کو شامل کیا گیا ہے۔ لومبارڈی کے مطابق حتمی ووٹنگ میں طلاق اور بعد میں دوبارہ شادی کے علاوہ ہم جنس پرستی پر مبنی تین پیراگرافوں کو منظوری کے لیے دو تہائی شرکاء کی حمایت حاصل نہیں ہو سکی۔ اِن نزاعی معاملات کے حوالے سے پوپ کا کہنا ہے کہ چرچ میں گناہ گاروں کے لیے نرم گوشہ پیدا کرنا ضروری ہے۔