حج : دس سال سے کم عمربچوں پر پابندی لگنے کا امکان

پیر 20 اکتوبر 2014 07:51

مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20اکتوبر۔2014ء) سعودی عرب میں حج کے بعد حجاج اکرام کی اپنے اپنے ملکوں کو واپسی کا سلسلہ جاری ہے ، سعودی حکام اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ آئندہ حج میں دس سال سے کم عمر کے بچوں پر پابندی لگا دی جائے۔سعودی میڈیا کے مطابق اس ضمن میں سعودی وزارت حج اور حج انتظامیہ کے سربراہان کے درمیان ایک اجلاس ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ابھی تک اس بارے میں کوئی حتمی فیصلہ تونہیں ہوا ، تا ہم حج کے دوران بہت زیادہ بھیڑ ، گرمی ، اور دیگر مشقتوں کی وجہ سے بچوں کو صحت کے مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے ، اس لئے دس سال سے کم عمر کے بچے حج میں لانے پر پابندی لگانے پر سنجیدگی کے ساتھ غور کیا جا رہا ہے۔

اس بار دیکھا گیا کہ ہزاروں والدین اپنے چھوٹے بچوں کو شیطان کو کنکریاں مارنے کے لئے بھی ساتھ لائے اور انہوں نے اپنے ہاتھوں سے کنکریاں ماریں۔ مقامات مقدسہ پر بھی ہزاروں چھوٹے بچوں کو دیکھا گیا ، اور ایک اندازے کے مطابق ان میں سے کافی بچے علیل بھی ہوئے۔ دس سال سے کم عمر کے بچوں پر پابندی کی تجویز اب اعلیٰ علما کی کونسل کو غور کے لئے پیش کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :