دھرنے دینے والوں نے ذاتی مفادات کی خاطر ملک و قوم کی ترقی میں رخنہ ڈالا اورمعیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا:شہباز شریف،بے وقت کے دھرنے اورنام نہاد انقلاب اپنی موت آپ مرچکے ہیں،تخریبی سیاست کرنے والے ہوش کے ناخن لیں،وزیراعظم محمدنوازشریف کی قیادت میں ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے سنجیدہ اور مخلصانہ کاوشیں جاری رہیں گی ،آئندہ بھی خدمت خلق کے نئے ریکارڈ قائم کریں گے، ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے :وزیراعلیٰ پنجاب کی اراکین اسمبلی اورمسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے وفدسے گفتگو

پیر 20 اکتوبر 2014 07:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20اکتوبر۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزررہا ہے ۔اسے توانائی کے بحران ،غربت، بے روزگاری اور انتہا پسندی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے ۔ان حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ پوری قوم متحد ہو اور وطن عزیزکو مسائل کے چنگل سے نکالنے کیلئے تمام سیاسی جماعتیں اوران کے قائدین اپنا کردار ادا کریں ۔

ملک کسی صورت دھرنے ،احتجاج اور انتشار کی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ دھرنے دینے والوں نے صرف اورصرف ذاتی مفادات کی خاطر ملک و قوم کی ترقی میں رخنہ ڈالاہے ۔ملک کو اندھیروں سے نکالنے کی تیز رفتار سنجیدہ کاوشوں کو نقصان پہنچایا ہے جس پر تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو مشکل حالات سے نکال کر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے اپنی مخلصانہ کاوشیں جاری رکھے گی اور وہ وقت دور نہیں جب انشاء اللہ وطن عزیز کو تمام مسائل سے چھٹکارا ملے گااور پاکستان صحیح معنوں میں فلاحی ریاست بنے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہارآج یہاں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی اورمسلم لیگ(ن) کے کارکنوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ حکومت کی ٹھوس معاشی پالیسیوں کی بدولت ملک کی کرنسی مستحکم اورمعاشی اشارئیے بہتر ہوئے تھے لیکن دھرنوں اور تخریبی سیاست نے قومی معیشت کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ۔

ان دھرنوں کے باعث چین کے صدر سمیت غیر ملکی وفود کے اہم دورے ملتوی ہوئے۔چین کے صدر کے دورے کے دوران اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے اور بجلی کے منصوبوں کا سنگ بنیادرکھا جانا تھا ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کے 18کروڑ عوام آئندہ نسلوں کے مستقبل کو برباد کرنے کی سازش کرنے والوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔ملک و قوم کی ترقی کا راستہ روکنے کی ناپاک سازش کرنے والوں کے چہرے عوام پر آشکار ہوچکے ہیں ۔

پاکستان کی ترقی میں رکاوٹیں ڈالنے کی سازشیں کرنے والے عناصر جان لیں کہ کوئی رکاوٹ ملک و قوم کی ترقی کے سفر میں حائل نہیں ہوسکتی ۔انشاء اللہ پاکستان اپنی منزل ضرور حاصل کرے گا۔وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرکے دم لیں گے۔انہوں نے کہا کہعوام نے مسلم لیگ ن کو 5برس کامینڈیٹ دیاہے اور پاکستان مسلم لیگ(ن) اس مینڈیٹ کی لاج رکھے گی اور عوامی خدمت کا سفر جاری وساری رہے گا۔

ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے۔ بے وقت کے دھرنے اورنام نہاد انقلاب اپنی موت آپ مرچکے ہیں۔ تحزیبی سیاست کرنے والے عناصر ہوش کے ناخن لیں۔۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ ساڑھے چھ برس سے پنجاب کے عوام کی بے لوث خدمت کررہے ہیں اورآئندہ خدمت خلق کے نئے ریکارڈ قائم کریں گے۔ پنجاب میں اربوں روپے کی لاگت سے بڑے منصوبے تیز رفتاری سے نہایت شفاف انداز سے مکمل کیے گئے ہیں جن سے صوبے کے عوام مستفید ہورہے ہیں ۔

آشیانہ ،پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ، مفت ادویات کی فراہمی ،موبائل ہیلتھ یونٹس،میٹروبس ،دانش سکول سسٹم ،انفراسٹرکچراور دیگر فلاحی پروگراموں سے عوام کی بڑی تعدادفائدہ اٹھا رہی ہے ۔مفادعامہ کے منصوبوں کی تیز رفتاری سے تکمیل کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گااورعوام کی ترقی و خوشحالی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔وزیراعظم نواز شریف کی ولولہ انگیز اورمتحرک قیاد ت میں ملک کو مسائل سے نکال کر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔

اراکین اسمبلی اورمسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے وفدنے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کو دن رات عوام کی خدمت کرنے پر زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب تیزی سے ترقی کررہا ہے ۔بڑے بڑے ترقیاتی منصوبے اورجدید ترین انفراسٹرکچر پنجاب کی ترقی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے خدمت خلق کے ریکارڈ قائم کیے ہیں ۔سیلاب ہوں یا زلزلہ،وبائی امراض ہوں یا کوئی اور قدرتی آفت وہ ہمیشہ اپنے مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے نظر آئے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ پنجاب کے عوام ان سے والہانہ محبت رکھتے ہیں۔