کراچی میں فائرنگ کے واقعات میں دو افراد ہلاک ،دو زخمی ،نیو کراچی میں مبینہ پولیس مقابلہ ،ایک ملزم مارا گیا

پیر 20 اکتوبر 2014 07:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20اکتوبر۔2014ء)کراچی میں فائرنگ کے واقعات میں دو افراد ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ سے ایک بچے سمیت 2 افراد زخمی بھی ہوئے جبکہ نیو کراچی میں مبینہ پولیس مقابلہ میں ایک ملزم مارا گیا۔ پولیس کے مطابق ملیر کے علاقے میں ملوک ہوٹل کے قریب مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا۔

(جاری ہے)

دوسرے شخص کی ہلاکت کا واقعہ واٹر پمپ اسٹاپ کے قریب پیش آیا جبکہ لیاری کے علاقے میں نیازی چوک کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا،جبکہ میڑول میں فائرنگ سے ایک بچہ بھی زخمی ہوا،جسے شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے نیو کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم مارا گیا۔ملزم قتل کی کئی واردتوں میں ملوث تھا۔ پولیس کے مطابق نیو کراچی کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر پولیس نے چھاپہ مارا جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک مبینہ ملزم مارا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم فیصل 15 افراد کے قتل میں ممکنہ طور پر ملوث تھا،جو ٹارگٹ کلر کے طور پر کام کرتا تھا۔ہلاک ہونے والے ملزم کے قبضے سے ایک پستول بھی ملی ہے۔