میکسیکو‘ لاپتہ طلباء کا معاملہ حل نہ کرنے پر مظاہرین نے عمارت کو آگ لگا دی

جمعہ 24 اکتوبر 2014 04:55

میکسیکو(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24اکتوبر۔2014ء)میکسیکو کے قصبے اگیوالا میں 43 لاپتہ طلباء کا معاملہ حل نہ کرنے پر مظاہرین نے سٹی ہال کی عمارت کو آگ لگا دی۔ لاپتہ طلبا کے قاتلوں کو پکڑنے میں ناکامی پر طلبا ء اور اساتذہ نے مظاہرہ کیا۔ طلبا نے سٹی ہال کی عمارت میں توڑ پھوڑ کی اور اسے نذر آتش کر دیا۔ توڑ پھوڑ شروع ہوتے ہی عملہ عمارت سے نکل گیا۔

(جاری ہے)

کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔ اگیوالا میں 26 ستمبر کو 43 طلباء لاپتہ ہو گئے تھے۔ یہ طلباء اساتذہ کے حقوق کے لیے مظاہرہ کر رہے تھے۔ پولیس نے ان پر فائرنگ کر دی جس میں چھ طلباء ہلاک ہو گئے تھے۔ پولیس نے متعدد طلبا کو گرفتار بھی کیا تھا۔ جن کے بارے میں آج تک کوئی اطلاع نہیں ملی۔ فائرنگ کے الزام میں 22 پولیس اہلکاروں کو گرفتار کیا گیا تھا۔