اوٹاوا میں فائرنگ کے بعدامریکہ‘کینیڈا کی فضائیہ الرٹ،کینیڈین دارالحکومت میں امریکی سفارت خانہ بند ،عملے کی نقل وحرکت محدود کر دی گئی

جمعہ 24 اکتوبر 2014 04:52

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24اکتوبر۔2014ء)کینیڈین دارالحکومت اوٹاوا میں پارلیمان کے اندر اور باہر فائرنگ کے واقعہ کے بعد امریکا اور کینیڈا کے فضائی دفاعی نظام کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے اور اوٹاوا میں امریکی سفارت خانے کو بند کردیا گیا ہے۔امریکا کے ایک دفاعی عہدے دار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ ''شمالی امریکا ائیروسپیس ڈیفنس کمانڈ (نوراڈ) مناسب اقدامات کررہی ہے تاکہ کینیڈا کی ایوی ایشن میں کسی بھی قسم کے واقعے سے نمٹا جاسکے۔

یہ اقدام کینیڈا کی پارلیمان کے اندر اور اس کے باہر ایک مسلح شخص کی فائرنگ کے بعد کیا گیا ہے۔اس شخص نے پارلیمان کے نزدیک واقع فوجی یادگار پر تعینات ایک فوجی کو گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔بعد میں کینیڈین سکیورٹی فورسز نے فائرنگ کرکے اس حملہ آور کو بھی ہلاک کردیا ہے۔

(جاری ہے)

نوراڈ کے ترجمان کپتان جیف ڈیوس نے فضائی دفاعی نظام کو متحرک کرنے کی تفصیل بیان نہیں کی ہے۔

البتہ ان کا کہنا ہے کہ دفاع کو یقینی بنانے کے لیے مناسب اقدامات کیے جارہے ہیں۔تاہم ان کا کہنا ہے کہ کسی طیارے کی ہائی جیکنگ یا ہوابازی کے حوالے سے فوری طور پر کوئی خطرہ درپیش نہیں ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کی نائب ترجمان میری حرف نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اوٹاوا میں امریکی سفارت خانے کی تالا بندی کردی گئی ہے اور سفارتی عملے کی نقل وحرکت محدود کردی گئی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ ''صدر براک اوباما نے کینیڈین وزیراعظم اسٹیفن ہارپر سے ٹیلی فون پر اس واقعہ سے متعلق بات چیت کی ہے۔امریکی وزیرخارجہ جان کیری جرمنی کے دورے کے بعد واپس واشنگٹن پہنچ گئے ہیں اور انھیں اوٹاوا میں پیش آئے واقعہ کے بارے میں بریفنگ دی گئی ہے۔انھوں نے کہا کہ ہماری دعائیں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں''۔

متعلقہ عنوان :