پنجاب اسمبلی کے170 اراکین کا بنیادی تنخواہ12 ہزار سے بڑھا کر 60 ہزار روپے ‘ ڈیلی الاونس 650 سے بڑھا کر5 ہزار ، کنوینس الاونس 400 سے بڑھا کر ایک ہزار روپے ، ٹریولنگ الاونس 5 روپے فی کلو میٹر سے بڑھا کر15 روپے فی کلو میٹر جبکہ ایڈیشنل ٹریولنگ الاونس 75000 ہزار سے بڑھا کر 2 لاکھ روپے سالانہ کرنے کا مطالبہ

جمعہ 24 اکتوبر 2014 04:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24اکتوبر۔2014ء) پنجاب اسمبلی کے170 اراکین نے بنیادی تنخواہ12 ہزار سے بڑھا کر 60 ہزار روپے ‘ ڈیلی الاونس 650 سے بڑھا کر5 ہزار ، کنوینس الاونس 400 سے بڑھا کر ایک ہزار روپے ، ٹریولنگ الاونس 5 روپے فی کلو میٹر سے بڑھا کر15 روپے فی کلو میٹر جبکہ ایڈیشنل ٹریولنگ الاونس 75000 ہزار سے بڑھا کر 2 لاکھ روپے سالانہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے ‘حکومتی جماعت مسلم لیگ(ن)کے رکن پنجاب اسمبلی میاں طاہر جمیل کی جانب سے 170اراکین کے دستخطوں کے ساتھ پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں بل جمع کروایا گیا ہے جس میں اراکین کی بنیادی تنخواہ اور درجن بھر دوسرے الاونسز اور اسلحہ لائسنس سمیت دیگر مراعات دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے ‘ بل پر تمام سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے 170ارکان کے دستخطوں کے ساتھ میاں طاہر جمیل نے پرائیویٹ بل جمع کرایا ہے جس میں ہر ایم پی اے کی بنیادی تنخواہ 12 ہزار سے بڑھا کر 60 ہزار، ڈیلی الاونس 650 سے بڑھا کر 5 ہزار ، کنوینس الاونس 400 سے بڑھا کر ایک ہزار روپے ، ٹریولنگ الاونس 5 روپے فی کلو میٹر سے بڑھا کر15 روپے فی کلو میٹر جبکہ ایڈیشنل ٹریولنگ الاونس 75000 ہزار سے بڑھا کر2 لاکھ روپے سالانہ کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بل میں اسٹینو ٹائپسٹ ، کلرک اور نائب قاصد کی سہولت کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے جبکہ تاحیات اسمبلی سیکرٹریٹ انٹری ،سپیکر گیلری ، اسمبلی لائبریری کی سہولت دینے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ ائیرپورٹ پر وی آئی پی لاونج کے استعمال اور چار اسلحہ لائسنس سرکاری فیس پر دینے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ 371 کے ایوان میں بل پاس کرنے کے لئے185 ارکان کی حمایت درکار ہے جبکہ بل170 ارکان کے دستخطوں سے جمع کرایا گیا ہے اسمبلی میں صرف 15 مزید ارکان کی حمایت درکار ہو گی۔ بل میں بتایا گیا ہے کہ آخری بار 2002 میں پنجاب اسمبلی کے ارکان کی تنخواہوں میں اضافہ کیا ‘واضح رہے کہ چند روز پہلے ارکان پنجاب اسمبلی نے سرکاری بلیو پاسپورٹ فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے قرارداد پاس کی تھی-