شام،داعش کا گیس پلانٹ پر کار بم حملہ ، چار فوجیوں سمیت آٹھ افراد ہلاک ،کوبانی میں بھی کرد جنگجووٴں اور داعش کے درمیان شدید لڑائی

منگل 30 دسمبر 2014 08:53

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30دسمبر۔2014ء)شام کے وسطی صوبہ حمص میں سخت گیر جنگجو گروپ داعش نے ایک گیس پلانٹ کے نزدیک کاربم حملے کی ذمے داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔اس بم دھماکے میں چار فوجیوں سمیت آٹھ افراد ہلاک اور پندرہ زخمی ہوگئے ہیں۔برطانیہ میں قائم شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے اطلاع دی ہے کہ داعش کے بمبار نے صوبہ حمص میں واقع فرقلوس گیس پلانٹ کی حفاظت پر مامور سکیورٹی اہلکاروں کے چیک پوائنٹ کو اپنے حملے میں نشانہ بنایا ہے۔

داعش نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس چیک پوائنٹ پر حملہ کرنے والے دونوں بمبار مارے گئے ہیں۔وہ دونوں مراکشی شہری تھے مگر شام کی سرکاری خبررساں ایجنسی سانا نے اس کے برعکس دعویٰ کیا ہے کہ فوجیوں نے دونوں حملہ آوروں کو پکڑ لیا ہے۔

(جاری ہے)

سانا نے ایک فوجی ذریعے کے حوالے سے کہا ہے کہ محافظوں نے پک ٹرک کو دھماکے سے اڑانے والے دو دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

وہ گیس پلانٹ کے داخلی دروازے پر دھماکے کے بعد فرار کی کوشش کررہے تھے۔ ادھر ترکی کی سرحد کے نزدیک واقع شام کے شہر کوبانی میں کرد جنگجووٴں اور داعش کے درمیان سوموار کو بھی لڑائی جاری ہے۔گذشتہ روز دوبدو جھڑپوں میں داعش کے اٹھارہ جنگجو مارے گئے تھے۔آبزرویٹری کی اطلاع کے مطابق کوبانی میں داعش کے دو خودکش بمبار اور ان کے مد مقابل کرد پیپلز پروٹیکشن یونٹ کے دس ارکان بھی مارے گئے ہیں۔

داعش نے کوبانی پر قبضے کے لیے ستمبر کے وسط میں یلغار کی تھی اور وہ پیش قدمی کرتے ہوئے اس شہر کے نصف سے زیادہ حصے پر قابض ہوگئے تھے۔لیکن اب امریکا کی قیادت میں اتحادی ممالک کے فضائی حملوں کے بعد کرد جنگجووٴں نے شہر کے بہت سے حصوں کا کنٹرول دوبارہ واپس لے لیا ہے۔اس شہر پر قبضے کے لیے لڑائی میں اب تک متحارب ملیشیاوٴں کے ایک ہزار سے زیادہ جنگجو مارے جاچکے ہیں۔