سیکورٹی انتظامات کے پیش نظر تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں توسیع کا فیصلہ کیا گیاہے،مشتاق احمد غنی،صوبہ کے تمام سرکاری سکولز، کالجز اور یونیورسٹیاں 12جنوری تک بند رہیں گی،صوبائی وزیر اطلاعات

منگل 30 دسمبر 2014 08:42

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30دسمبر۔2014ء)خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ اور اعلیٰ تعلیم مشتاق احمدغنی نے کہاہے کہ سیکورٹی انتظامات کے پیش نظر تمام تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں توسیع کا فیصلہ کیا گیاہے ۔ صوبہ کے اب تمام سرکاری سکولز، کالجز اور یونیورسٹیاں 12جنوری تک بند رہیں گی۔ پیر کے روز تعلیمی اداروں کے سربراہان پر مشتمل اعلیٰ سطح اجلاس کے بعد وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سانحہ پشاور کے تناظر میں صوبہ کے تمام تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی کے لئے جامع اور مربوط پلان تشکیل دیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی نا خوشگوار واقعہ کو رونما ہونے سے روکا جا سکے، اس حوالے سے یہاں منعقدہ اعلٰی سطح اجلاس میں تعلیمی اداروں کے سربراہان کی مشاورت سے موسم سرما کی تعطیلات میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام تعلیمی اداروں کو مقرر کردہ تاریخ تک اپنے اداروں میں سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جس کے بعد تمام سکولز،کالجوں، یونیورسٹیوں کو متعلقہ ضلعی انتظامیہ سے این او سی کے حصول کے بعد کھولا جائے گا۔ مشتاق احمد غنی کا کہنا تھا کہ آرمی پبلک سکول کے دلخراش سانحہ کے بعد تمام تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس ضمن میں صوبائی حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔

موجودہ حکومت عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے اور امن و امان کے قیام کے لئے پر عزم ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں جن کو بہتر ین تعلیم و تربیت کے لئے سازگار ماحول بناناہماری ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ آرمی پبلک سکول کے واقعہ کے بعد بچوں کی نفسیاتی تربیت کے لئے ملک بھر سے ماہرین نفسیات کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ بچوں کو اس صدمہ سے باہر نکالا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :