احمد شہزاد اور عمر اکمل کو ڈراپ کیے جانے پر سخت حیران ہوں ، کرس گیل ، ڈسپلن کو وجہ بنا کر کھلاڑیوں کو ڈراپ کرنا مناسب نہیں، پیغام ،عالمی مبصرین اور محسن حسن خان نے بھی دونوں کے ڈراپ ہونے کو سمجھ سے بالاتر قرار دیدیا

اتوار 5 اپریل 2015 03:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5 اپریل۔2015ء)بنگلا دیش کے خلاف سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ سے احمد شہزاد اور عمر اکمل کو ڈراپ کیے جانے پر ویسٹ انڈیز کے کرس گیل اور ہرشا بھوگلے نے حیرانی کا اظہار کر دیا۔ سابق کوچ محسن حسن خان کہتے ہیں کھلاڑیوں کو ڈراپ کرنے سے بہتر ہے وقار یونس کو ہی ٹیم سے آؤ ٹ کیا جائے۔ ویسٹ انڈیز کے جارحانہ بیٹسمین کرس گیل نے ٹوئٹر پر قومی اوپنر کی حوصلہ افزائی کی۔

کہتے ہیں کہ باصلاحیت کھلاڑی احمد شہزاد کو ون ڈے سے ڈراپ کیے جانا افسوسناک ہے۔ ڈسپلن کو وجہ بنا کر کھلاڑیوں کو ڈراپ کرنا مناسب نہیں۔

(جاری ہے)

کرس گیل نے احمد شہزاد کو مشورہ بھی دے دیا کہ وہ کرکٹ پر دھیان دیں اور اپنی پرفارمنس سے صلاحیتوں کا لوہا منوائیں۔ عالمی شہرت یافتہ کرکٹ مبصر ہرشا بھوگلے نے بھی پاکستانی اسکواڈ پر تبصرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعید اجمل کی پاکستانی اسکواڈ میں واپسی پر خوشی ہوئی لیکن عمر اکمل اور احمد شہزاد جیسے باصلاحیت کھلاڑیوں کے ڈراپ ہونے پر حیرانگی ہوئی۔

پاکستان کے سابق کوچ اور چیف سلیکٹر محسن حسن خان نے عمر اکمل اور احمد شہزاد کے ٹیم سے ڈراپ ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ڈراپ کرنے سے بہتر ہے کوچ وقار یونس کو ٹیم سے باہر کیا جائے۔