بھارتی ہاکی فیڈریشن کی پاکستان ہاکی فیڈریشن کو مالی امداد کی پیشکش، پیسوں کی کمی کی وجہ سے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ ختم نہیں ہونا چاہیے،بھارت، ہاکی فیڈریشن کو 5 سال میں ایک ارب روپے دیئے گئے،بدقسمتی سے پیسے کھلاڑیوں کی تربیت پر خرچ نہ ہوئے،دیا گیا پیسہ کھلاڑیوں کی تربیت کی جگہ جہاں بھی خرچ کیا گیا سینئر کھلاڑیوں کو اس پر تحفظات ہیں،فیڈریشن کو انتظامی اخراجات کی بجائے کھلاڑیوں کو ترجیح دینی چاہیے،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کا بیان

اتوار 5 اپریل 2015 03:21

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5 اپریل۔2015ء)بھارتی ہاکی فیڈریشن نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو مالی امداد کی پیش کش کر دی۔ ہمسایہ ملک کا کہنا ہے کہ پیسوں کی کمی کی وجہ سے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ ختم نہیں ہونا چاہیے۔ میڈیارپورٹ کے مطابق بھارتی ہاکی فیڈریشن نے پی ایچ ایف کے سیکرٹری کو خط ارسال کیا ہے جس میں انہیں کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ دوبارہ شروع کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

انڈین ہاکی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ پیسوں کی کمی کی وجہ سے ہاکی کھلاڑیوں کا کیمپ نہ بند کریں۔ ہمسایہ ملک کی فیڈریشن نے پی ایچ ایف کو پیسوں کی فراہمی کی پیش کش کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان فیڈریشن کو ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائنگ راوٴنڈ کی تیاری جاری رکھنی چاہیے۔ پاکستان ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ کھلاڑیوں کے ڈیلی الاوٴنس نہ ہونے کی وجہ سے ختم ہو گیا تھا۔

(جاری ہے)

ہاکی ٹیم نے ورلڈ کپ کوالیفائنگ راونڈ کی تیاری کے لئے تیس اپریل سے بارہ مئی تک آسٹریلیا جب کہ پندرہ مئی سے پچیس مئی تک کوریا کا دورہ بھی کرنا ہے جب کہ ورلڈ کپ کوالیفائنگ راونڈ رواں سال جون بلجیئم میں کھیلا جائے گا۔ ادھروفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ہاکی فیڈریشن کو 5 سال میں ایک ارب روپے دیئے گئے،بدقسمتی سے پیسے کھلاڑیوں کی تربیت پر خرچ نہ ہوئے،دیا گیا پیسہ کھلاڑیوں کی تربیت کی جگہ جہاں بھی خرچ کیا گیا سینئر کھلاڑیوں کو اس پر تحفظات ہیں،فیڈریشن کو انتظامی اخراجات کی بجائے کھلاڑیوں کو ترجیح دینی چاہیے۔

ہفتہ کو ایک بیان میں سینٹر پرویز رشید نے کہاکہ ہاکی فیڈریشن کو 5 سال میں ایک ارب روپے دیئے گئے۔ یہ رقم ملک میں کسی بھی فیڈریشن کو دی گئی رقم سے کہیں زیادہ ہے۔انھوں نے کہا کہ دیا گیا پیسہ کھلاڑیوں کی تربیت کی جگہ جہاں بھی خرچ کیا گیا سینئر کھلاڑیوں کو اس پر تحفظات ہیں،فیڈریشن اپنے مالی معاملات درست کرے اور معاملات کو شفاف بنائے ۔

پرویز رشید نے کہاکہ فیڈریشن کو انتظامی اخراجات کی بجائے کھلاڑیوں کو ترجیح دینی چاہیے۔واضح رہے کہ بھارتی ہاکی فیڈریشن نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی خراب مالی صورتحال پر پی ایچ ایف کو فنڈز فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے ۔ بھارتی ہاکی فیڈریشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کا ہاکی میں ایک بڑا نام ہے اور کئی مرتبہ وہ عالمی چیمپئن رہنے کے علاوہ کئی اور عالمی ٹائٹل اپنے نام کر چکا ہے لیکن بعض اطلاعات کے مطابق پی ایچ ایف مالی بحران کا شکار ہے جس پر ہمیں افسوس ہے ۔ دونوں ممالک کے درمیان ہاکی کے مقابلے ہونے چاہئیں اور اس کیلئے رابطے جاری رہتے ہیں ۔ ترجمان نے کہا کہ بھارتی ہاکی فیڈریشن نے پی ایچ ایف کے سیکرٹری کو ایک خط بھجوایا ہے جس میں مالی امداد کی پیشکش کی گئی ہے ۔