کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز کا آپریشن کالعدم تنظیم کے ارکان سمیت 16 مشتبہ افراد گرفتاراسلحہ برآمد،شہر میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ، ڈرون کیمرہ کے استعمال پر پابندی،شہر میں ہیلی کیم اور ڈرون کیمروں کے ذریعے دہشت گردی کے خدشات ہیں، دفعہ 144 حلقہ این اے 246 میں ضمنی انتخاب کے موقع پر پیدا ہونے والی کشیدگی کے باعث لگائی گئی ہے، محکمہ داخلہ سندھ،کراچی آپریشن کو نامکمل نہیں چھوڑا جائے گا، ٹارگٹ کلرز، دہشتگردوں کی سیاسی،سماجی اور مذہبی مقامات پر جمع ہونے کی اطلاعات ہیں، شرپسند عناصر کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی، ڈی جی رینجرز سندھ

اتوار 5 اپریل 2015 03:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5 اپریل۔2015ء) رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں آپریشن کے دوران 16 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیاجبکہ محکمہ داخلہ سندھ نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر شہر میں دفعہ 144 نافذ اور ڈرون کیمرہ کے استعمال پر غیر معینہ مدت کیلئے پابندی عائد کردی،دوسری جانب ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن کو نامکمل نہیں چھوڑا جائے گاٹارگٹ کلرز، دہشتگردوں کی سیاسی،سماجی اور مذہبی مقامات پر جمع ہونے کی اطلاعات ہیں، شرپسند عناصر کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔

ہفتہ کو ترجمان رینجرز کے مطابق ملیر ،اورنگی ٹاؤن اور گلشن سکند ر میں آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے ملزمان سمیت 16 مشتبہ افراد کو گرفتا ر کرلیا جن کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ادھر صوبائی محکمہ داخلہ نے شہر میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کرتے ڈرون، کیمروں، کواڈ کاپٹر اور ہیلی کیم کے استعمال پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کراچی کے حلقہ این اے 246 میں ضمنی انتخاب کے موقع پر پیدا ہونے والی کشیدگی کے باعث لگائی گئی ہے جس کا اطلاق یکم اپریل سے غیر معینہ مدت تک کے لیے ہوگا۔ محکمہ داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر میں دفعہ 144 وفاقی وزارت داخلہ کی ہدایت پر نافذ کی گئی ہے جب کہ ہیلی کیم اور ڈرون کیمروں کے ذریعے دہشت گردی کے خدشات ہیں جن کی بنا پر جلسے جلوسوں میں ان کے استعمال پر بھی سختی سے پابندی ہوگی۔

واضح رہے کہ کراچی کے حلقہ این اے 246 میں ضمنی انتخابات کے موقع پر ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کے کارکنوں میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے جب کہ گزشتہ روز کریم آباد میں دونوں جماعتوں کے کارکنوں میں شدید نعرے بازی ہوئی جس کیبعد مشتعل افراد نے تحریک انصاف کا انتخابی کیمپ بھی اکھاڑ دیا تھا۔دوسری جانب ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن کو نامکمل نہیں چھوڑا جائے گا۔

ڈی جی رینجرز سندھ میجرجنرل بلال اکبر کا کہنا ہے کہ ٹارگٹ کلرز، دہشتگردوں کی سیاسی،سماجی اور مذہبی مقامات پر جمع ہونے کی اطلاعات ہیں، شرپسند عناصر کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی، انہوں نے عوام سے تعاون کی درخواست کرتے ہوئے کہاکہ شرپسند عناصرپرنظررکھیں۔ادھر حساس اداروں نے کراچی میں ٹارگٹ کلرزاوربھتہ خوروں کی فہرست جاری کردی،75 میں سے 24 کا تعلق ایم کیو ایم ،19 کاسنی تحریک اور11 کا پیپلز امن کمیٹی سے ہے۔