دورہ جنوبی کوریا کیلئے اٹھارہ رکنی قومی ہاکی ٹیم کا اعلان ،عمران کپتان برقرار ، تین تبدیلیاں ،’لگتا ہے فیڈریشن میں را کے ایجنٹ گھس آئے ہیں‘ رانا مجاہد ، دورہ جنوبی کوریا سے قبل ٹیم میں اختلافات اور دورے کی منسوخی کی کے حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں ، فنڈز ملنے کے بعد کھلاڑیوں کو واجبات کی ادائیگی کردی جائے گی ،کھلاڑیوں کو مالی تحفظ فراہم کیا جائے گا، پریس کانفرنس ، مالی مشکلات کے باوجود کھلاڑی ملک کے لیے کھیلنا چاہتے ہیں، کپتان محمد عمران

جمعہ 15 مئی 2015 08:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15 مئی۔2015ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن(پی ایچ ایف) کے سیکریٹری رانا مجاہد نے دورہ جنوبی کوریا سے قبل ٹیم میں اختلافات اور دورے کی منسوخی کے حوالے سے زیر گردش خبروں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لگتا ہے کہ فیڈریشن میں را کے ایجنٹ گھس آئے ہیں۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری رانا مجاہد نے کہا کہ ٹیم پروگرام کے مطابق جمعے کو جنوبی کوریا روانہ ہو گی اور 27 مئی کو وطن واپس آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ فنڈز ملنے کے بعد کھلاڑیوں کو واجبات کی ادائیگی کردی جائے گی اور یہ تاثر درست نہیں ہے کہ کھلاڑی پیسے نہ ملنے کے باعث کوریا کے دورے پر نہیں جانا چاہتے۔ ان کا کہنا تھا کہ لگتا ہے کہ فیڈریشن میں را کے ایجنٹ گھس آئے ہیں کو منفی خبریں پھیلا رہے ہیں، ایسی افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔

(جاری ہے)

رانا مجاہد نے کہا کہ ٹیم اور مینجمنٹ کی فیڈریشن سے اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں اور کھلاڑیوں کو مالی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان محمد عمران نے کہا کہ مالی مشکلات کے باوجود کھلاڑی ملک کے لیے کھیلنا چاہتے ہیں۔اس سے قبل پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں اور فیڈریشن کے درمیان اختلافات کی خبریں سامنے آئی تھیں جس کے مطابق دورہ جنوبی کوریا سے قبل ٹیم کے کھلاڑیوں نے دورہ آسٹریلیا کے واجب الادا الاؤنسز کا مطالبہ کردیا ہے۔اولمپک کوالیفائنگ راوٴنڈ سے قبل قومی ہاکی ٹیم جنوبی کوریا کے خلاف چار میچز کھیلے گی۔

پہلا میچ 18 مئی کو کھیلا جائیگا سیکرٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد نے دورہ جنوبی کوریا کے لئے اٹھارہ رکنی قومی ٹیم کا اعلان کیا۔ محمد عمران کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے جبکہ ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں ہاکی ٹیم کی انتظامیہ میں اسد عباس ، شہناز شیخ کو شامل کیا گیا ہے ۔ کپتان محمد عمران نے ٹیم کے اعلان اور دورہ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام کھلاڑی پاکستان کی نمائندگی کو اعزاز سمجھتے ہیں، پیسے کو ترجیح نہیں دیتے۔

متعلقہ عنوان :