وزیر اعظم آج اسلام آباد تا کراچی گرین ٹرین کا افتتاح کریں گے

جمعہ 15 مئی 2015 08:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15 مئی۔2015ء)وزیر اعظم نواز شریف آج (جمعہ کو )اسلام آباد سے کراچی تک چلنے والی گرین ٹرین کا افتتاح کریں گے۔گرین ٹرین منصوبہ وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے شروع کرنے کا اعلان کیا تھا ، ملنے والی معلومات کے مطابق گرین ٹرین میں چائے ،کھانا اور دیگر ریفریشمنٹ کا اہتمام بھی ہو گا ،ٹرین ہوسسٹس رکھی جائیگی جو تین بوگیوں کی دیکھ بھال اور مسافروں کو وقت پر کھانا،کولڈڈرنک مہیا کریں گی۔

معلومات کے مطابق مارگلہ اسٹیشن اسلام آبادسے کراچی تک بڑوں کے لیے 5500جبکہ دس سال سے بڑے لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے 4500روپے کرایہ ہو گا۔گاڑی میں (وائی فائی)کی بھی سہولت دی جائیگی جس پرموبائل نیٹ اور لیپ ٹاپ کے لیے نیٹ استعمال کیا جا سکے گا۔ٹرین لاہور سے اسلام آباد اور پھر کراچی جائے گی ،ریلوے معلومات کے مطابق لاہور سے کرایہ 5000مقرر کیا گیا ہے ،اسلام آباد سے کراچی تک 10اسٹیشن پر پانچ منٹ سٹاپ کرے گی ،انجن کی خرابی کی صورت میں تمام تر مکینک و دیگر عملہ ریلوے کی ایک بوگی میں موجود ہو گا کسی بڑی خرابی کے پیش نظر ایک گھنٹے کے بعد دوسرا انجن ریسکیو کرنے کا پابند ہو گا۔

(جاری ہے)

ذرائع ریلوے کے مطابق ابتدائی طور پر دس سے پندرہ بوگیوں کو کراچی روانہ کیا جائے گا مگر بعد ازاں وقت کی ضرورت کے مطابق بوگیوں کو بڑھایا جا سکتا ہے۔ترجمان ریلوے نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ٹرین ہوسسٹس صبح ناشتہ ،منہ ہاتھ دھونے کے لیے صابن اور تولیہ بھی مہیا کر ے گی ،بعد ازاں چائے کیش پے منٹ پر ضرورت کے مطابق دی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :