مائیکل ہولڈنگ نے محمد عامر کی دوبارہ واپسی کی حمایت کردی ،عا مر نے کسی کی جان نہیں لی اس لیے انہیں دوبارہ موقع ملنا چاہیے، عظیم ویسٹ انڈین باوٴلر

جمعہ 19 جون 2015 07:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19 جون۔2015ء) عظیم ویسٹ انڈین باوٴلر اور تبصرہ نگار مائیکل ہولڈنگ نے نوجوان پاکستانی باوٴلر محمد عامر کی کرکٹ میں دوبارہ واپسی کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عامر نے کسی کی جان نہیں لی اس لیے انہیں دوبارہ موقع ملنا چاہیے۔مائیکل ہولڈنگ کہا کہ میں سمجھ سکتا ہوں کہ کچھ لوگ اس بنیاد پر ان کی ٹیم میں واپسی نہیں چاہتے کیونکہ انہوں نے ملک کو بدنام کیا اور ہم کسی ایسے کھلاڑی کو دوسرا موقع نہیں دینا چاہتے جو ملک کی بدنامی کا سبب بنے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ایسے لوگوں کو دیکھا جن کی وجہ سے لوگ اپنی زندگی سے محروم ہو گئے جیسے کراب ڈرائیونگ، شراب پی کر گاڑی چلانا، خراب مشینری کی وجہ سے ایکسیڈنٹ اور نہ جانے کیا کیا، اگر ان لوگوں کو بہتری کیلئے ایک اور موقع دیا جا سکتا ہے تو عامر کیوں نہیں۔

(جاری ہے)

ہولڈنگ نے کہا کہ وہ جس قسم کی بھی سزا بھگتیں لیکن سزا کے اختتام کے بعد وہ اپنی زندگی کو دوبارہ شروع کرتے ہیں تو پھر عامر کو موقع نہ دینے کی کیا وجہ ہے؟۔

’عامر نے جو کیا وہ غیرقانونی اور کھیل کے لیے نقصان دہ تھا اور ایسا ہرگز نہیں ہونا چاہیے تھا لیکن اس نے کسی کی جان تو نہیں لی اور انہوں نے جو کچھ بھی کیا، میرا ماننا ہے کہ محمد عامر ایک دوسرے موقع کا مستحق ہے اور مجھے یقین ہے کہ وہ اس سے دونوں ہاتھوں سے فائدہ اٹھائے گا‘۔ اپنے ایک انٹرویو میں مایہ ناز سابق فاسٹ باوٴلر نے کہا کہ جب میں نے 2009 میں اسے دیکھا تو اس میں وہ سب کچھ موجود تھا جو ایک فاسٹ باوٴلر میں ہونا چاہیے، میں اس وقت اس کے گیند پر کنٹرول، رفتار، سلو گیندوں اور کھیل کے حوالے سے ذہانت سے کافی متاثر ہوا تھا۔

عامر کے مستقبل کے حوالے سے سوال پر ہولڈنگ نے کہا کہ اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ لوگ اور خصوصاً ٹیم کے کھلاڑی اور شائقین انہیں کس طرح قبول کرتے ہیں۔ہولڈنگ نے کہا کہ عامر کو شروع میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے لیکن انہیں صرف کرکٹ پر توجہ دیتے ہوئے اپنی فٹنس پر توجہ دینے اور آئندہ غلط کاموں سے دور رہنے کی ضرورت ہو گی۔