امریکہ،100 سال بعد امریکی ڈالر پر خاتون کی تصویر شائع ہو گی ، خاتون کی تصویر والے امریکی ڈالر 2020 سے مارکیٹ میں میسر ہوں گے،امریکی وزارت خزانہ

جمعہ 19 جون 2015 07:21

واشنگٹن۔( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19 جون۔2015ء)امریکی وزارت خزانہ دس ڈالر مالیت کے کرنسی نوٹ پر خاتون کی تصویر شائع کریں گی۔ سو برس کی مدت میں یہ پہلا موقع ہو گا کہ امریکی کرنسی نوٹوں پر مشہور مرد سیاستدان کے بجائے کسی خاتون کی تصویر شائع ہونے جا رہی ہے۔امریکی وزارت خزانہ کے مطابق ابھی تک اس خاتون کا نام سامنے نہیں آیا کہ جن کی تصویر امریکی کرنسی نوٹ کی زنیت بنے گی تاہم توقع ہے کہ خاتون کی تصویر والے امریکی ڈالر 2020 سے مارکیٹ میں لین دین کے لئے میسر ہوں گے۔

امریکی محکمہ مالیات کے مطابق اس خاتون کا نام رواں برس سامنے لایا جائے گا تاکہ اس پر عوام سے رائے لی جا سکے۔ کہا جا رہا ہے کہ امریکا کے پہلے وزیر مالیات ایلگزینڈر ہیملٹن کی تصویر کی جگہ لینے والی امریکی خاتون وہ ہو گی جنہوں نے امریکی جمہوریت کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہو۔

(جاری ہے)

یاد رہے امریکا نے 19 ویں صدی کے اختتام پر اپنے ایک کرنسی نوٹ پر پہلے امریکی صدر جارج واشنگٹن کی اہلیہ مارتھا واشنگٹن کی تصویر شائع کی تھی۔

وزارت خزانہ کے ریکارڈ کے مطابق امریکی ریڈ اینڈینز قبائل کے ایک سردار کی بیٹی پوکاہونٹاس کی تصویر 20 ڈالر مالیت کے نوٹ پر 19 ویں صدی کے وسط تک شائع ہوتی رہی۔امریکی وزیر مالیات کے بقول امریکی کرنسی دراصل اس بات کا بیان ہے کہ ہم کون ہیں اور کس کا دفاع کرتے ہیں۔ خاتون کی تصویر سے مزین نئی کرنسی امریکا کا اجراء میں خواتین کو ووٹ کا حق ملنے کے سو برس مکمل ہونے کی یادگار بھی شمار ہو گا۔

متعلقہ عنوان :