کالعدم مذہبی تنظیموں کی حرکتوں پر نظر رکھنے کیلئے نیا پلان آف ایکشن تیار،تنظیموں کی جانب سے اشتہارات وغیرہ بھی شائع و تقسیم کئے جارہے ہیں جن میں چندہ،صدقہ،فطرانہ کی رقم دینے کی اپیلیں

جمعہ 26 جون 2015 02:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26 جون۔2015ء)کالعدم مذہبی تنظیموں،مشکوک این جی اوز اور غیر رجسٹرڈ فلاحی تنظموں کی”حرکتوں“ پر نظر رکھنے کے لئے نیا ایکشن پلان ترتیب دے دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

وزارت داخلہ نے ملک بھر کے آئی جیز، ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز کو جاری ایک مراسلہ میں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے صوبوں، ڈویژنز اور اضلاع میں کالعدم مذہبی تنظیموں،مشکوک این جی اوز اور غیر رجسٹرڈ فلاحی تنظموں کی”حرکتوں“ پر نظر رکھیں کیونکہ حکومت کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ ”پابندی“ کے باوجودتنظیموں کی جانب سے اشتہارات وغیرہ بھی شائع و تقسیم کئے جارہے ہیں جن میں چندہ،صدقہ،فطرانہ کی رقم دینے کی اپیلیں کی گئی ہیں۔

جبکہ ان کالعدم مذہبی تنظیموں کے ذیلی گروپس کے افراد مساجد اور امام بارگاہوں سمیت مختلف مقامات پرلوگوں سے چندہ دینے کی استدعا کرتے نظر آتے ہیں جس کی وجہ سے یہ تنظیمیں پھر سر اٹھا رہی ہیں جس کیلئے تمام پولیس افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقامی مشینری کو حرکت میں لائیں اور کالعدم تنظیموں پر کڑی نظر رکھیں۔