کرا چی ہلاکتیں ،کے الیکٹرک کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر،لوڈشیڈنگ کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو وفاق اور حکومت سندھ 25 لاکھ فی کس معاوضہ د ے ، در خواست گزار

جمعہ 26 جون 2015 02:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26 جون۔2015ء) کے الیکٹرک کراچی کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ۔ سماجی کارکن سید محمود اختر نقوی نے کرا چی میں لوڈشیڈنگ کی وجہ سے ہونے والی اموات پر کے الیکٹرک کراچی ، وزیر اعظم پاکستان ، حکومت سندھ اور دیگر کے خلاف سپریم کورٹ میں آرٹیکل (3)184 کے تحت درخواست دائرکی ہے جس میں موقف اپنایا ہے کہ کے الیکٹرک کارپوریشن کراچی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو وفاق اور حکومت سندھ 25 لاکھ فی کس معاوضہ دیا جائے اور کے الیکٹرک کی پرائیوٹائزیشن کو فوری ختم کرتے ہوئے حکومتی تحویل میں لیا جائے اور سندھ میں جا ں بحق ہونے والوں کی غائبانہ نماز جنازہ جو تے پہن کر ادا کرنے والے ممبران اسمبلی کو نااہل قرار دیا جا ئے ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ ہلاکتوں کی مکمل تفصیل سامنے لائے ۔ درخواست گزار نے سیکرٹری وزارت پانی و بجلی ، وزیر اعظم پاکستان ، وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف ،وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی ، سیکرٹری وزارت نجکاری ، وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ ، چیف سیکرٹری سندھ حکومت ، سیکرٹری وزارت صحت سندھ ، سیکرٹری وزارت صحت پاکستان ، سیکرٹری قومی اسمبلی پاکستان ، سیکرٹری وزارت داخلہ پاکستان ، چیئرمین پیمرا پاکستان ، چیف ایگزیکٹو آفیسر کے الیکٹرک سپلائی کارپوریشن کراچی ، ، اسحاق ڈار وزیر خزانہ، پرویز رشید وزیر اطلاعات پاکستان ، آفتاب شیر پاؤ ایم این اے ، خورشید شاہ قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی پاکستان ، غلام احمد بلور ایم این اے کو فریق بنایا ہے ۔