سپیکر کا رویہ ناقابل برداشت ہے ان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لاؤں گا،شیخ رشید، اسمبلی میں پہلے تو بولنے کی اجازت نہیں دی جاتی اگر اجازت مل جائے تو مائیک بند کر دیا جاتا ہے،میڈیا سے گفتگو

جمعہ 26 جون 2015 02:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26 جون۔2015ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے سپیکر کا رویہ ناقابل برداشت ہوتا جا رہا ہے ، اپوزیشن کے ساتھ مل کر ان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لاؤں گا ۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپیکر قومی ا سمبلی کو اپنے حلقہ این اے 122 کے نتائج کا خوف ہے وہ ان کے خلاف نکلے گا انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں پہلے تو بولنے کی اجازت نہیں دی جاتی اگر اجازت مل جائے تو مائیک بند کر دیا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کٹ موشن دو سے تین دن میں ہونا چاہئے جبکہ وہ ایک دن میں کر دیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ وزارت بجلی و پانی نے آئی ایم ایف کو جعلی اعداد و شمار دیئے ہیں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پر سنگین الزامات لگے ہیں اس پر وزیر اعظم نواز شریف کو اسمبلی میں آ کر اس سنگین مسئلے پر بات کریں ۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی ڈبیٹنگ کلب بن گیا ہے اس ملک میں انسانی مردے رسوا ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی فلائٹ چوروں سے بھر گئی ہے اور بھاگنے والوں کے لئے سیٹیں کم پڑ گئیں ہیں ۔

متعلقہ عنوان :