ولادی میر پوٹن کا شامی صدر کی حمایت جاری رکھنے کا عزم،شام ،شامی قیادت اور شامی عوام کے لیے روس کی حمایت میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ،ولادی میر پوٹن،ہے،شامی وزیرخارجہ ولید المعلم سے ملاقات میں گفتگو

منگل 30 جون 2015 09:00

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30 جون۔2015ء)روسی صدر ولادی میر پوٹن نے ایک مرتبہ پھر اپنے ملک کی جانب سے شامی صدر بشارالاسد کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔وہ ماسکو میں شامی وزیرخارجہ ولید المعلم سے گفتگو کررہے تھے۔روسی خبررساں اداروں کے مطابق صدر ولادی میر پوٹن نے کہا ہے کہ ''شام ،شامی قیادت اور شامی عوام کے لیے روس کی حمایت میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے''۔

ولادی میر پوتین نے خطے کے دوسرے ممالک سے بھی کہا کہ وہ شام کی مسلح اسلامی دھڑوں کے خلاف جنگ میں مدد کریں۔روسی صدر نے چند روز قبل بھی بشارالاسد کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ''شام میں جاری لڑائی میں شدت سے صورت حال خطرناک ہوسکتی ہے اور وہ لیبیا میں جاری تنازعے جیسی صورت اختیار کرسکتی ہے''۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ روس شام میں گذشتہ چار سال سے جاری عوامی احتجاجی تحریک اور خانہ جنگی کے دوران شامی صدر بشارالاسد اور ان کی حکومت کی مسلسل حمایت کرتا چلا آرہا ہے۔

شام میں جاری خانہ جنگی میں دولاکھ بیس ہزار سے افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔روس کو شامی تنازعے کے پْرامن حل کے لیے اہم ملک خیال کیا جاتا ہے لیکن وہ شامی صدر کی حمایت کرتا چلا آرہا ہے اور اب وہ بحران کے حل کے لیے ان کی اقتدار سے رخصتی کے حق میں بھی نہیں ہے۔روس اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں شامی صدر کے خلاف پیش کردہ تین قراردادوں کو بھی ویٹو کرچکا ہے۔

متعلقہ عنوان :