نیویارک جیل سے فرار ہونے والا ایک قیدی ہلاک، دوسرا زخمی حالت میں گرفتار

منگل 30 جون 2015 09:01

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30 جون۔2015ء) امریکا کی سب سے محفوظ سمجھی جانے والی نیویارک سٹیٹ جیل سے تین ہفتے قبل دو خطرناک قیدی فرار ہوئے تھے۔ نیویارک پولیس دونوں مفرور قیدیوں کو تلاش کر رہی تھی اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے تھے۔ ان میں سے ایک قیدی رچرڈ میٹ گزشتہ دنوں جیل سے 30 میل دور جنگل میں مارا گیا تھا جبکہ دوسرا قیدی ڈیوڈ سوئٹ کینیڈا کی سرحد کے قریب سے پکڑا گیا۔

یہ قصبہ اس علاقے سے 23 میل شمال میں واقع ہے جہاں پولیس نے سوئٹ کے دوسرے مفرور ساتھی رچرڈ میٹ کو جمعے کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے وقت سوئٹ کے جسم سے خون بہہ رہا تھا جس سے لگتا ہے کہ اسے گولی لگی ہے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس نے 35 سالہ ڈیوڈ سوئٹ کو ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

دونوں قیدی ریاست نیویارک کے قصبے ڈین مورا میں قائم انتہائی سخت حفاظتی انتظامات والی جیل سے 6 جون کو فرار ہوئے تھے۔

جیل حکام کے مطابق دونوں قیدی مختلف آلات کے ذریعے اپنی کوٹھڑیوں کی دیواریں توڑ کر باہر آئے تھے اور جیل کے دو فٹ قطر کے سیوریج پائپ میں کئی سو فٹ تک گھسٹنے کے بعد ایک گٹر کے ذریعے جیل کے نزدیک واقع گلی میں نکلنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ دونوں قیدیوں کو فرار میں مدد دینے والے آلات برگر میں استعمال ہونے والے گوشت میں چھپا کر پہنچائے گئے تھے۔ پولیس نے یہ آلات قیدیوں تک پہنچانے اور انہیں فرار میں مدد دینے کے الزام میں جیل کے دو ملازمین کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔

متعلقہ عنوان :