بھارت: جادو ٹونا کے شبے میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد قتل

بدھ 15 جولائی 2015 09:41

اڑیسہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15 جولائی۔2015ء)بھارت کی ریاست اڑیسہ کے قبائلی اکثریتی ضلع کیوجھر میں دیہاتیوں نے جادو ٹونا کرنے کے شبہے میں ایک ہی خاندان کے چھ ارکان کو ہلاک کر دیا ہے۔اس واقعے میں اس خاندان کے دو ارکان شدید زخمی بھی ہوئے ہیں جنھیں اب ہسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد جائے وقوعہ پر پہنچنے والے پولیس افسر اجے پرتاپ سواء نے غیر ملکی خبررساں ادارے کو بتایا کہ تمام ہلاک شدگان کی لاشیں ان کے مکان کے اندر موجود تھیں اور ان کی گردنیں کسی تیزدھار ہتھیار سے کاٹی گئی ہیں۔

اجے سواء نے یہ بھی بتایا کہ واقعے میں زخمی ہونے والوں کے بیان کی بنیاد پر ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ باقی ملزمان کی تلاش ابھی جاری ہے۔بھونیشور میں ریاست کے پولیس ڈائریکٹر جنرل سنجیو مار نے بتایا کہ معاملے کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے اس کی تحقیقات کرائم برانچ کے سپرد کر دی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :