خیبرپختونخوا پولیس بھی پنجاب پولیس کے نقش قدم پر چل پڑی، ناکے پر نہ رکنے پر فائرنگ کرکے گریجویشن کے طالب علم کو موت کے گھاٹ اتار دیا

بدھ 15 جولائی 2015 09:27

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15 جولائی۔2015ء) خیبرپختونخوا کی پولیس بھی پنجاب پولیس کے نقش قدم پر چل پڑی ۔ ناکے پر نہ رکنے پر پولیس نے فائرنگ کرکے گریجویشن کے طالب علم کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔ اہلخانہ نے انڈس ہائی وے بند کر کے پولیس کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ تھانے کے ایس ایچ او کو معطل کر کے اس کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا جائے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز خیبرپختونخوا پولیس کے تھانہ ماڑی کے اہلکاروں نے ناکہ پر نہ رکنے پر مشتبہ سمجھ کر موٹر سائیکل سوار گریجویشن کے طالب علم کو قتل کر دیا ہے ۔مقتول کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ پولیس نے پہلے گولی ماری نوجوان نے گھر میں فون کر کے بتایا ہے کہ مجھے بلاوجہ گولی ماری گئی ہے تو تھانہ ماڑی کے ایس ایچ او نے نوجوان کے سینے میں گولیاں مار کر اسے قتل کر دیا ہماری صوبائی حکومت سے مطالبہ ہے کہ مذکورہ ایس ایچ کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی کی جائے ۔

دوسری جانب ایس ایس پی رورل شاکر اللہ جان کا کہنا ہے کہ ملزم نے ناکے پر پولیس اہلکار وں پر فائرنگ کی ملزم مسلح تھا اگر پھر بھی وہ بے گناہ ثابت ہو جاتا ہے تو واقعہ میں ملوث تمام پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔