ایرانی رہنماؤں کے جارحانہ بیانات،بحرین نے تہران سے اپنا سفیر واپس بلا لیا

پیر 27 جولائی 2015 09:11

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27 جولائی۔2015ء)بحرین نے ایرانی رہنماؤں کی جانب سے ”جارحانہ“ بیانات پر احتجاج کے طور پر اپنے سفیر کو تہران سے واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے،یہ بات سرکاری بی این اے نیوز ایجنسی نے گزشتہ روز بتائی۔اس کا کہنا ہے کہ اسلامی امور کیلئے سپریم کونسل(ایس سی آئی اے) نے ایران کی جانب سے بحرین کے داخلی معاملات میں بار بار کھلے عام مداخلت کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے اسے ملک کے استحکام کی خلاف ورزی اور کشیدگی کو بڑھکانے کے مترادف قرار دیا ہے۔

پارلیمنٹ کی خارجہ امور کمیٹی نے سفیر کو واپس بلانے کا اعلان کرتے ہوئے غیر معمولی عرب اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ایران کی مداخلت پر بات کی جاسکے۔گزشتہ اتوار کو بحرین نے اسلامی جمہوریہ کے سپریم رہنما علی خامنہ ای کی جانب سے بحرین سمیت مشرق وسطیٰ بھر میں دبے ہوئے عوام کی کھل کر حمایت کرنے کے خلاف بطور احتجاج ایران کے قائم مقام ناظم الامور کو طلب کیا تھا۔

(جاری ہے)

اس سے ایک روز قبل خامنہ ای کا کہنا تھا کہ عالمی طاقتوں کے ساتھ جوہری معاہدے کے بعد تہران شام اور عراق کی حکومتوں کیلئے اپنی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹے گا اور نہ ہی یمن اور بحرین اور فلسطین میں مظلوم عوام کی حمایت سے پیچھے ہٹے گا۔سنی حکمرانی والے ملک مانامہ کا الزام ہے شیعہ عراق بحرین میں شیعہ اکثریت کی جانب سے آئینی بادشاہت اور منتخب وزیراعظم کے مطالبے کی حمایت کر رہا ہے۔