کسٹم حکام نے ماڈل ایان علی کی ضمانت ختم کرانے کے لئے درخواست تیار کر لی، در خواست رواں ہفتے سپریم کورٹ میں دائر کی جائے گی،ماڈل ایان علی کرنسی اسمگلنگ کیس میں پیشی کے لیے کراچی سے اسلام آباد پہنچ گئیں، مقدمے کی سماعت آج کسٹم جج کی عدالت میں کی جائے گی

پیر 27 جولائی 2015 09:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27 جولائی۔2015ء) کسٹم حکام اور خوبرو ماڈل ایان علی کے درمیان بیرونی دوروں اور دیگر معاملات پر آنکھ مچولی جاری ہے۔ کسٹم حکام ماڈل کے 44 دوروں بارے تاحال کوئی تفصیلات تو حاصل نہ کر سکی تاہم ماڈل کی ضمانت ختم کرانے کے لئے درخواست ضرور تیار کر لی ہے جو رواں ہفتے سپریم کورٹ میں دائر کر دی جائے گی جبکہ ایان علی کے خلاف فرد جرم آج (پیر) کو راولپنڈی کی عدالت میں عائد کئے جانے کا امکان ہے۔

ماڈل کا اس مقدمے میں بذریعہ وکیل پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ادھرخوبرو ماڈل ایان علی کرنسی اسمگلنگ کیس میں عدالت میں پیشی کے لیے کراچی سے اسلام آباد پہنچ گئیں،و کلاء سے کیس کے حوالے سے صلاح مشورے مکمل کر لیے ہیں۔ ماڈل ایا ن علی کے مقدمے کی سماعت آج پیر کے روز اپیل کسٹم جج کی عدالت میں کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

ایان علی کو پانچ پانچ لاکھ کے دو مچلکوں پر لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے رہا کیا تھا،ماڈل کیخلاف ڈائریکٹر جنرل کسٹم اینٹلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن کی طرف سے اڑھائی تین ماہ سے دائر شدہ اور زیر التواء چلی آنے والی درخواست پر اسپیشل کسٹم جج فیصلہ دینگے ۔

اس درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ماڈل ایان علی سے اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ بحریہ 2010کی شقوں کے تحت تفتیش کی سپیشل کسٹم جج کو اجازت مرحمت فرمائیں تاکہ ضروری تفتیش کی جاسکے ۔اب تک کسٹم جج کورٹ نے اس درخواست پر فریقین کے وکلاء کی بحث نہیں کاروائی اور نہ ہی بحث نہ کروانے کی وجہ سے فریقین کو آگاہ کیا گیا ہے ۔اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت تفتیش کے لیے کسٹم اینٹلی جنس کو سپیشل کسٹم جج کی اجازت درکار ہوتی ہے ۔ جبکہ ایک عالیم ایجنسی نے بھی وارننگ دی ہے کہ اگر ماڈل ایان علی کیخلاف اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت تفتیش مکمل کر کے مقدمہ درج نہیں ہو نے دیا جا تا تو مالی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔