عدالتی کمیشن کے فیصلے سے پاکستان کے بنیادی تصور جمہوریت کو تقویت ملے گی، جاوید ہاشمی،عمران خان کے طر ز سیاست سے نواز شریف مضبوط ہوئے وہ مزید پانچ برس اقتدار میں رہ سکتے ہیں، صحافیوں سے گفتگو

پیر 27 جولائی 2015 09:20

جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27 جولائی۔2015ء) سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ عدالتی کمیشن کے فیصلے سے پاکستان کے بنیادی تصور جمہوریت کو تقویت ملے گی ،عمران خان کے طر ز سیاست سے میاں نواز شریف مضبوط ہوئے ہیں اور وہ مزید پانچ برس اقتدار میں رہ سکتے ہیں ،ہر الیکشن کے بعد شکوک و شبہات پیدا ہوجاتے ہیں،جوڈیشل کمیشن تمام سیاسی طاقتوں کی باہمی مشاورت سے تشکیل دیا گیا تھا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جہانیاں میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ عمران خان کو استعمال کیا جا رہا تھا اور اور انہیں استعمال کرنے والے مطلب نکل جانے پر ٹشو پیپر کے طرح پھینک دیتے عمران خان کے طرز سیاست سے میاں نوازشریف پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر ابھرے ہیں جس سے گمان پیدا ہوتا ہے کہ وہ اگلے پانچ برس کیلئے بھی حکومت میں رہ سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عدالتی کمیشن کے فیصلے سے پاکستان کا جو بنیادی تصور تھا جمہوریت اس کو تقویت ملی ہے جو ہر الیکشن کے بعد شکوک و شبہات پیدا ہو جاتے تھے اور اس کی وجہ سے حکومتیں غیر مستحکم ہو جاتی تھیں اس میں ان حکومتوں کو اور ووٹ کو طاقت فراہم کرنے کیلئے یہ رپورٹ سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ جوڈیشل کمیشن تمام سیاسی طاقتوں بشمول تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کی ہم آہنگی سے متفقہ طور پر قائم کیا گیا تھا اس لیے آنے والے وقتوں میں بھی جمہوریت طاقت ور ہو گیاور بیلٹ پر قوم کا یقین بڑھ جائے گا ۔