بحر ہند کے ری یونین جزیرے سے جہاز کا ایک اور ٹکرا برآمد ،ملبہ لاپتہ ملائیشین طیارے کا ہوسکتاہے،شناخت کیلئے فرانس بھجوا دیا گیا ،ملبے کے تجزیے کا کام بدھ کو شروع ہو گا،فرانسیسی حکام

پیر 3 اگست 2015 09:15

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3 اگست۔2015ء)بحر ہند کے ری یونین جزیرے سے جہاز کا ایک اور ٹکرا ملا ہے،اس ملبے کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ ملائیشیا کے تقریباً ایک برس قبل لاپتہ ہونے والے جہاز ایم ایچ 370 کا ہو سکتا ہے۔اس سے قبل جزیرے سے ملنے والا جہاز کا پر شناخت کے لیے فرانس بھیجا گیا ہے۔خیال کیا جا رہا ہے کہ سینٹ ڈینس کے جنوب سے ملنے والا ملبے کا ٹکڑا جہاز کے دروازے ہو سکتا ہے اور اس ٹکڑے پر کچھ تحریر بھی درج ہے۔

یاد رہے کہ مارچ 2014 میں کوالالمپور سے بیجنگ جاتے ہوئے لاپتہ ہونے والے طیارے میں اس وقت 239 مسافر سوار تھے۔جزیزے سے ملنے والا جہاز کے ملبے کا پہلا ٹکڑا تجزیے کے لیے فرانس بھیجا گیا ہے جہاں فرانسیسی شہر تولوز میں واقع وزارت دفاع کی ایک لیبارٹری میں اْس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ماہرین کا کہنا ہے کہ دو میٹر لمبا یہ ملبہ جہاز کے پر وہ حصہ ہو سکتا ہے جسے ’فلیپران‘ کہا جاتا ہے۔

فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ ملبے کے تجزیے کا کام بدھ کو شروع ہو گا۔بدھ کو بحرِ ہند سے ملنے والے جہاز کے ملبے کی تصاویر کے بارے میں ایوی ایشن کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ملبہ بظاہر بوئنگ 777 کا دکھائی دیتا ہے سینٹ اینڈر کے ساحل سے ملنے والے سویٹ کیس کے ٹکڑوں کا بھی تجزیہ کیا جا رہا ہے۔طیارے کے لاپتہ ہونے کے بعد سے آسٹریلیا کی سربراہی میں جنوبی بحرہ ہند کے ایک وسیع علاقے میں جہاز کے ملبے کی تلاش کا کام جاری ہے۔

حکام کے خیال میں ملائیشین ائیر لایئن کا بیجنگ جانے والا لاپتہ جہاز سمندر میں گرا کر تباہ ہوا ہے لیکن جہاز کی گرنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔بدھ کو بحرِ ہند سے ملنے والے جہاز کے ملبے کی تصاویر کے بارے میں ایوی ایشن کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ملبہ بظاہر بوئنگ 777 کا دکھائی دیتا ہے۔ماہرین کے مطابق تمام ہوائی جہازوں پر ایک خاص نمبر ہوتا ہے جس سے شناخت کرنے میں مدد ملتی ہے۔