عمران خان اور جہانگیر ترین سے شدید اختلافات کے بعد حامد خان ایڈووکیٹ کا جھکاؤ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی طرف ہوگیا

پیر 3 اگست 2015 09:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3 اگست۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور جہانگیر ترین سے شدید اختلافات کے بعد حامد خان ایڈووکیٹ کا جھکاؤ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی طرف ہو گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ افتخار محمد چوہدری نے حامد خان ایڈووکیٹ کو اپنی پارٹی میں شامل کرنے کے لئے کوششیں شروع کر دی ہیں اور اس سلسلے میں سابق چیف جسٹس کی طرف سے حامد خان کو باضابطہ پیغام بھی بھجوایا گیا ہے۔

حامد خان ایڈووکیٹ ملک کے نامور قانون دان اور تحریک انصاف کے صف اول کے رہنما شمار ہوتے ہیں۔ حامد خان نے جہانگیر ترین اور عمران خان کی پالیسیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان آسمان سے زمین پر آجائیں اور آمروں کا ساتھ دینے والے گروپ سے خود کو دور کریں۔

(جاری ہے)

حامد خان ایڈووکیٹ نے یہ بھی کہا ہے کہ جہانگیر ترین نے ہر فن مولا بننے کے چکر میں تحریک انصاف کو سخت نقصان پہنچایا اور جوڈیشل کمیشن کی کارروائی کے دوران تحریک انصاف کے قانونی ماہرین سے مشاورت نہیں کی گئی۔

واضع رہے کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری 25 اگست کو اپنی پارٹی کا اعلان کرنے جا رہے ہیں۔ اسلام آباد کے سیاسی حلقوں کا خیال ہے کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ جب افتخار محمد چوہدری اپنی پارٹی کا اعلان کر رہے ہوں گے تو حامد خان ان کے دائیں یا بائیں ہو سکتے ہیں۔