حکومت کو 68 سال بعد ہلال حرام کی تمیز کا بالآخر خیال آگیا ، حلال اتھارٹی بل تیار کر لیا، حرام اشیاء کی فروخت پر ایک سال ،قید 10 لاکھ روپے تک جرمانہ ہو سکتا

پیر 3 اگست 2015 09:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3 اگست۔2015ء) حکومت کو 68 سال بعد ہلال حرام کی تمیز کا بالآخر خیال آ ہی گیا ۔ حلال اتھارٹی بل تیار کر لیا گیا۔ حرام اشیاء کی فروخت پر ایک سال قید 10 لاکھ روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے ۔ مسودہ قائمہ کمیٹی کے پاس ہے جس کی منظوری کے بعد مسودہ قومی اسمبلی میں پیش کر دیا جائے گا بل کی تیاری اور منظوری کے بعد پاکستان بھر میں بیرون ملک سے آنے والی سینکڑوں کھانے پینے کی اشیاء حرام قرار دی جا سکتی ہیں ۔

(جاری ہے)

اتھارٹی 16 رکنی بورڈ آف گورنرز پر مشتمل ہو گی ۔ جس کا سربراہ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی ہو گا ۔ بورڈ میں وزارت مذہبی امور سمیت دیگر متعلقہ وزارتوں اور صوبائی نمائندے شامل ہوں گے ۔ اتھارٹی کے معاملات چلانے کے لئے تین رکنی مجلس عاملہ بھی قائم کی جائے گی ۔ اتھارٹی کا ڈائریکٹر جنرل ہی ان کا چیف ایگزیکٹو ہو گا ۔ اتھارٹی درآمدات ، برآمدات بارے پالیسیوں ، حکمت عملی ، منصوبوں اور پروگراموں کو ترقی دے گی ۔