وزیر اعظم نواز شریف کا ملکی برآمدات میں اضافہ نہ ہونے پر اظہارتشویش، متعلقہ اداروں سے بازپرس کا فیصلہ،ایف پی سی سی آئی عہدیداران اور تاجر رہنماؤں کی وزیر اعظم سے ملاقات کو ہوگی،نواز شریف نے برآمدات میں اضافہ نہ ہونے کی وجوہات جاننے اور ایکسپورٹ میں اضافہ کی خاطر تجاویز کے حصول کیلئے پانچ رکنی وفد کو اسلام آباد بلالیا

ہفتہ 5 ستمبر 2015 08:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5ستمبر۔2015ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے برآمدات میں اضافہ نہ ہونے کی وجوہات جاننے اور ایکسپورٹ بڑھانے کی خاطر تجاویز کے حصول کیلئے ایف پی سی سی آئی کے پانچ رکنی وفد کو اسلام آباد بلالیا، ایف پی سی سی آئی کے عہدیداران اور تاجر رہنماؤں کی ملاقات 11 اکتوبر کو وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے ملکی برآمدات میں اضافہ نہ ہونے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے بازپرس کرنے کا فیصلہ کیاہے اور برآمدات میں شریک تمام اداروں کو ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے موثر حکمت عملی اپنانے کی ہدایت بھی دی ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے پانچ رکنی وفد کو ملاقات کے لیے 11 اکتوبر کو اسلام آباد بلا لیا ہے، اس وفد میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے چیف ایگزیکٹیو ایس ایم منیر، سارک چیمبر آف کامرس کے نائب صدر اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین افتخار علی ملک، ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں محمد ادریس، سینئر نائب صدر عبدالرحیم جانو اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل زبیر ایس طفیل شامل ہوں گے۔

(جاری ہے)

جبکہ ملاقات میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر اور دیگر متعلقہ اعلیٰ افسران بھی موجود ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف تاجر رہنماؤں سے سات سال کے دوران برآمدات 25 ارب ڈالر پر منجمد رہنے کی وجوہات معلوم کریں گے اور ان سے ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے تجاویز بھی مانگی جائیں گی۔ فیڈریشن چیمبر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ایف پی سی سی آئی کا پانچ رکنی وفد وزیر اعظم سے ملاقات سے قبل 10 اکتوبر کو وزیر خزانہ وزیر تجارت سے بھی ملاقات کرے گا، واضح رہے کہ پاکستانی برآمدات میں اضافے کیلئے وزارت تجارت نے گزشتہ سات سالوں میں نا تو نئی مارکیٹیں تلاش کیں اور نہ ہی بیرون ممالک سفارت خانوں میں تعینات ناقص کارکردگی کے حامل کمرشل قونصلرز کی جگہ نئے کمرشل قونصلرز کو تعینات کیا گیا، جس کی وجہ سے پاکستانی مصنوعات کی برآمدات کے لیے نئی مارکیٹیں میسر نہیں آسکیں اور نہ ہی سارک ممالک میں پاکستانی مصنوعات کی برآمدات بڑھ سکی۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف ملکی برآمدات بڑھانے کے لیے ٹی ڈی اے پی کو ایف پی سی سی آئی سمیت ملک کے دیگر چیمبرز آف کامرس کے نمائندوں سے فیڈ بیک لینے کی ہدایت بھی کریں گے۔