سوئنگ کے سلطان اور کرکٹ کے راجا کو پاکستان سپر لیگ کا ایمبیسڈر مقرر کرنے کا فیصلہ ،وسیم اکرم اور رمیز راجہ لیگ کے سفیر کے طور پر کام کرینگے ، جلد باقاعدہ اعلان کرکے نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا ، پی سی بی ، سری لنکا کے کپتان انجیلو میتھیوز اور لا ستھ ملنگا نے پی ایس ایل سنٹر ل کنٹریکٹ پر دستخط کردیئے، کیون پیٹرسن اور کرس گیل سے بھی مذاکرات جاری ، جلد رضا مند کرلینگے ،پی ایس ایل منتظمین ،90کرکٹروں نے دوحہ میں پاکستان سپر لیگ میں شرکت کے سلسلے میں رضا مندی سے پی سی بی کو آگاہ کردیا ، لیجنڈ سٹارز کرکٹرز بھی شامل ، متعدد سے بات فائنل ہورہی ہے ،سپر لیگ میں 5 ٹیمیں حصہ لیں گی ،ہر ٹیم میں5 غیرملکی کرکٹر شامل کیے جائیں گے،تمام کرکٹروں کو چار شعبوں میں رکھا جائے گا، پی سی بی ، بورڈ براڈ کاسٹر اور پروڈکشن کمپنی کے لیے اشتہار دے گا جس کے بعد فرینچائز کو حتمی شکل دی جائے گی، لوگوں کی تقریب رونمائی 20ستمبر کو لاہور میں ہوگی

ہفتہ 5 ستمبر 2015 08:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5ستمبر۔2015ء)پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم اور رمیز راجہ کو پاکستان سپرلیگ کا ایمبیسیڈر مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ سپر لیگ کیلئے بین الاقوامی لیجنڈ کھلاڑیوں کو شامل کرنے کیلئے پی سی بی نے کوششیں تیز کردیں ، کھلاڑیوں سے مذاکرات جاری ۔تفصیلات کے مطابق اگلے سال فروری کے مہینے میں ہونے والی پاکستان سپر لیگ میں وسیم اکرم اور رمیز راجہ ایمبیسیڈر کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کریں گے۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کی تقرری کا با قاعدہ اعلان جلد کرکے نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا دوسری جانب پاکستان سپر لیگ کے لیے بین الاقوامی کرکٹروں نے رضا مندی ظاہر کرنا شروع کر دی ہے۔پی ایس ایل منتظمین کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے لیے سری لنکا کے کپتان انجیلو میتھیوز اور لا ستھ ملنگا نے پی ایس ایل سنٹر ل کنٹریکٹ پر دستخط کردیئے ہیں۔

(جاری ہے)

پی ایس ایل منتظمین نے بتا یا ہے کہ انگلینڈ کے کیون پیٹرسن اور ویسٹ انڈیز کے کرس گیل سے بھی مذاکرات جاری ہیں اور دونوں کھلاڑیوں کی جانب سے رضا مندی کی امید ہے واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ میں شرکت کیلئے پندرہ بین الاقوامی کھلاڑیوں نے پی سی بی کی دعوت قبول کرلی ہے۔ ان میں ویسٹ انڈیز کے ساتھ کیرون پولارڈ، سنیل نرائن، ڈوین براوٴو، ڈوین اسمتھ اور سیمیئول بدری ہونگے۔

سری لنکن کرکٹرز تھیسارا پریرا، تلکارتنے دلشان اور اجنتا مینڈس، نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرینگے، گرانٹ ایلیئٹ اور جمیز فرینکلن، پروٹیاز کھلاڑی رچرڈ لیوی اور رابن پیٹرسن۔ انگلش ٹیم کیجانب سے ٹم بریسنن اور مائیکل کاربیری کے علاوہ آسٹریلیا سے بریڈ ہوج نے بھی پی ایس ایل کھیلنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلی پاکستان سپر لیگ آئندہ سال چار فروری سے قطر کے دارالحکومت دوحا میں کروانے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ سال فروری میں قطر میں ہونے والی پاکستان سپر لیگ میں شرکت کے خواہشمند کرکٹروں کو معاہدے کا مسودہ بھیج دیا ہے۔تقریباً90 کرکٹروں نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں پاکستان سپر لیگ میں شرکت کے سلسلے میں اپنی رضامندی سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو آگاہ کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے انھیں معاہدے کا مسودہ بھیجا ہے۔جن کرکٹروں نے سپرلیگ میں دلچسپی ظاہر کی ہے ان میں سری لنکا کے کپتان اینجلو میتھیوز، تلکارتنے دلشن اور لستھ مالنگا کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے کیرن پولارڈ قابل ذکر ہیں۔

آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے دو دو کرکٹر بھی سپر لیگ کھیلنا چاہتے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ مہیلا جے وردھنے اور کمار سنگاکارا سے بھی رابطے میں ہے۔سپر لیگ میں پانچ ٹیمیں حصہ لیں گی اور ہر ٹیم میں پانچ غیرملکی کرکٹر شامل کیے جائیں گے۔تمام کرکٹروں کو چار شعبوں میں رکھا جائے گا۔کرکٹروں کی طرف سے معاہدے کے مسودے کی وصولی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ براڈ کاسٹر اور پروڈکشن کمپنی کے لیے اشتہار دے گا جس کے بعد فرینچائز کو حتمی شکل دی جائے گی۔ اس کے بعد لیگ میں حصہ لینے والے 25 غیرملکی کرکٹروں کے ناموں کا اعلان کردیا جائے گا۔پاکستان سپر لیگ کے لوگو کی تقریب رونمائی 20 ستمبر کو ہو رہی ہے۔