عوام آؤٹ آف سکول بچوں کا ڈیٹا ہمیں بھیجیں ، پیف ان بچوں کو مفت تعلیم دلائے گی ؛انیلہ سلمان ،”مجھے سکول بھیجیں “گوگل پلے سٹور اورپیف ویب سائیٹ پر ڈاؤن لوڈ کے لیے موجود ہے ،پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے آؤٹ آف سکول بچوں کی نشاندہی کی موبائل ایپلی کیشن ”مجھے سکول بھیجیں “لانچ کر دی

ہفتہ 5 ستمبر 2015 09:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5ستمبر۔2015ء) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے آؤٹ آف سکول بچوں کی نشاندہی اور پارٹنر سکولوں میں مفت تعلیم کے لیے جدید ترین موبائل ایپلی کیشن ”مجھے سکول بھیجیں “ لانچ کر دی ہے ۔ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کا تیار کردہ یہ سافٹ وئیر گوگل پلے سٹور اور آفیشل ویب سائیٹ پر ڈاؤن لوڈ کے لیے موجود ہے ۔

”مجھے سکول بھیجیں “کو لانچ کرنے کی تقریب آج پیف ہیڈ آفس میں منعقد ہوئی ۔ چیئرمین قمر الاسلام راجہ اور مینجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر انیلہ سلمان کے علاوہ پروگرام ڈائریکٹرز اور سکول پارٹنرز بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قمر الاسلام نے کہا کہ موبائل ایپلی کیشن کے لانچ کا مقصد لوگوں کو آؤٹ آف سکول بچوں کی تعلیم کی مہم میں شامل کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

لوگوں کو چاہیے کہ وہ یہ ایپلی کیشن اپنے موبائل فون پر انسٹال کر کے اپنے ارد گرد تعلیم سے محروم بچوں کا ڈیٹا پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کو بھیجیں ۔ ان بچوں کے کوائف کی تصدیق کر کے انہیں نزدیکی پیف پارٹنر سکولوں میں مفت تعلیم مہیا کی جائے گی ۔ اس طرح ہر ضرورت مند بچے کو تعلیم جیسا بنیادی حق ملے گا جس سے ”پڑھو پنجاب ، بڑھو پنجاب“ کے اہداف کے حصول میں مدد ملے گی ۔

ایم ڈی پیف ڈاکٹر انیلہ سلمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے بے وسیلہ گھرانوں تک تعلیم پہچانے میں اہم کامیابی حاصل کی ہے ۔”مجھے سکول بھیجیں “ کے اجراء کا مقصد فروغ تعلیم میں لوگوں کوشامل کرنا ہے، سماجی شمولیت سے ہر ضرورت مند بچے تک فوری رسائی ممکن ہوگی ۔

پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ان بچوں کے ہاتھ میں اوزار کی بجائے قلم اور کتاب تھمائے گی جس سے تعلیم کے اجالے گھر گھر پھیلیں گے ۔تعلیم سماجی ترقی کی بنیاد ہے جس سے ہمارے بچوں کا مستقبل سنورے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کو یہ فوقیت حاصل ہے کہ اس نے کمپیوٹر ٹیکنالوجی کو تعلیم عام کرنے کے لیے استعمال میں لا رہی ہے جس سے تعلیمی اہداف حاصل کرنے میں مدد ملی ہے ۔ اس موقع پر ”مجھے سکول بھیجیں “کے ذریعے ٹریس ہونے والے آؤٹ آف سکول بچوں میں نصابی کتب تقسیم کی گئیں۔ بعد ازاں ایم ڈی پیف نے ان بچوں کو ٹریس کرنے والے شہریوں کو تہنیتی خطوط دیے۔

متعلقہ عنوان :