ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں کمی کا رحجان ، فی تولہ سونے کی قیمت میں250روپے کی کمی ریکارڈ

منگل 8 ستمبر 2015 09:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8ستمبر۔2015ء) عالمی صرافہ مارکیٹ میں پیر کے روز فی اونس سونے کی قیمت میں کمی کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی قیمت میں کمی کا رحجان دیکھا گیا۔پیر کو عالمی صرافہ مارکیٹ میں2ڈالر کی کمی سے فی اونس سونے کی قیمت1120ڈالر پر آگئی جس سے مقامی سطح پر بھی سونا سستا ہوگیا۔

(جاری ہے)

آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق پیر کو ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں250روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد کراچی ،حیدرآباد،لاہور،ملتان،فیصل آباد،اسلام آباد،راولپنڈی اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت45ہزار600روپے سے گھٹ کر45ہزار350روپے ہوگئی اسی طرح214روپے کی کمی سے 10گرام سونے کی قیمت38ہزار871روپے پر آگئی،رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ چاندی کی قیمت640روپے کی سطح پر بدستور مستحکم رہی۔