جان بوجھ کر فیلڈنگ میں خلل نہیں ڈالا ، بین سٹوکس ، امید ہے واقعہ سے دونوں ٹیموں کے تعلقات خراب نہیں ہونگے ، انگلش پلیئر ،پاکستان کے 4 کھلاڑی رمیز راجہ، انضمام الحق، محمد حفیظ اور انور علی اس طرح آوٴٹ ہو چکے ہیں جبکہ بھارت کے مہندر امرناتھ2 مرتبہ اور جنوبی افریقہ کے کلینن بھی فیلڈنگ میں خلل ڈالنے کے ارتکاب میں آوٴٹ قرار دیے جا چکے ہیں

منگل 8 ستمبر 2015 08:44

لارڈز(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8ستمبر۔2015ء)لارڈز میں آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں جان بوجھ کر فیلڈنگ میں خلل ڈالنے یعنی’اوبسٹرکٹنگ دا فیلڈ‘ کی بنیاد پر آوٴٹ دیے جانے والے انگلینڈ کے بلے باز بین سٹوکس کا کہنا ہے کہ انھوں نے ایسا ارادی طور پر نہیں کیا تھا۔24 سالہ سٹوکس کو اس وقت آوٴٹ قرار دیا گیا تھا جب مچل سٹارک کی وکٹوں کی جانب کی گئی تھرو سٹوکس کو جا لگی تھی۔

آسٹریلیا کے کپتان سٹیو سمتھ کا کہنا ہے کہ سٹوکس واضح طور پر آوٴٹ تھے۔لیکن سٹوکس کا کہنا ہے کہ ’میں نہیں سمجھتا کہ ایسی صورتِ حال میں کسی بھی شخص کے پاس سوچنے کا اتنا وقت ہو گا کہ وہ جان بوجھ کر گیند کے سامنے آ جائے۔‘واضح رہے کہ آسٹریلیا کو انگلستان پر پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کے چار کھلاڑی رمیز راجہ، انضمام الحق، محمد حفیظ اور انور علی اس طرح آوٴٹ ہو چکے ہیں جبکہ بھارت کے مہندر امرناتھ دو مرتبہ اور جنوبی افریقہ کے کلینن بھی فیلڈنگ میں خلل ڈالنے کے ارتکاب میں آوٴٹ قرار دیے جا چکے ہیں۔

سٹوکس کا کہنا تھا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ اس واقعے کی وجہ سے دونوں ٹیموں کے تعلقات خراب نہیں ہوں گے۔’میں امید کرتا ہوں کہ جب اگلا میچ ہو گا تو اس واقعے کو زیادہ بڑھا کر پیش نہیں کیا جائے گا اور لوگوں کی توجہ اصل کرکٹ کی طرف رہے گی۔