بٹگرام ،تحریک انصاف کے نظریاتی کارکنوں کا وزیر اعلی پرویز خٹک کے خلاف شاہراہ ریشم پر احتجاجی دھرنا،وزیر اعلی پرویز خٹک اور اعظم خان سواتی کے علامتی جنازے نکالے گئے ،مظاہرین نے چار گھنٹے شاہراہ ریشم پر احتجاجی دھرنا دیکر سڑک کو ہر قسم ٹریفک کیلئے بند رکھا

منگل 8 ستمبر 2015 09:12

بٹگرام ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8ستمبر۔2015ء) بٹگرام تحریک انصاف کے نظریاتی کارکنوں کا وزیر اعلی پرویز خٹک کے خلاف شاہراہ ریشم پر احتجاجی دھرنا، وزیر اعلی پرویز خٹک اور اعظم خان سواتی کے علامتی جنازے نکالے گئے ،مظاہرین نے چار گھنٹے شاہراہ ریشم پر احتجاجی دھرنا دیکر سڑک کو ہر قسم ٹریفک کیلئے بند رکھا ،پرویز خٹک اور اعظم خان سواتی کے خلاف گو خٹک گواورپی ٹی آئی کے میر صادق اور میر جغفرکے نعرے لگائے گئے تفصیلات کے مطابق پیر کے روز ضلع بٹگرام میں تحریک انصاف کے نظریاتی کارکنوں نے ضلعی رہنماء نعیم شاہین کے قیادت میں احتجاجی دھرنا دیا ضلع بھر کے مختلف یونین کونسلوں سے کارکنوں کے قافلے بٹگرام شہر میں داخل ہوئے مظاہرین نے بٹگرام شہر کا چکر لگاتے ہوئے وزیر اعلی پرویز خٹک اور صوبائی صدر اعظم خان سواتی کے علامتی جنازے نکالے اور بعد ازاں کچہری چوک میں انکے پتلے نظر آتش کیئے گئے اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی رہنماؤں نعیم شاہین ،سعید احمد خان اور عجب خان نے کہا کہ وزیر اعلی پرویز خٹک نے حالیہ بلدیاتی انتخابات میں نظریاتی ورکروں کو نظر انداز کرتے ہوئے صوبہ بھر میں موروثی سیاست دانوں کو سپورٹ کیا اور انھیں پارٹی ٹکٹیں جاری کیں پرویز خٹک اور اعظم خان سواتی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پی ٹی آئی کو صوبہ بھر میں ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے انھوں نے مزید کہا کہ بٹگرام میں 20یونین کونسلوں میں چالیس ٹکٹوں میں سے 39ٹکٹیں ایسے افراد کو دی گئی جن کے پاس پارٹی کا رکنیت تک نہیں ہے مخصوص نشستوں پر خواتین کی چھ نشستیں ویلج کونسل ترند میں دی گئی ہیں جو کے پارٹی کے آئین اور منشور کے خلاف ہے صوبائی پارلیمانی بورڈ بالخصوص پرویز خٹک کی منصوبہ بندی کے تحت پارٹی کارکن کو الیکشن کے دن 10بجے تحصیل نائب ناظم کا ٹکٹ تما دیا گیا اور انکے لیئے تائید وتجویز میں مسائل پیدا کیئے گئے تحصیل کونسل بٹگرام میں پی ٹی آئی کی واضح اکثریت ہونے کے باوجود تحصیل نائب نظامت جماعت اسلامی کے امیدوار اور ترندگروپ کے قریبی رشتہ دار کو تحفے میں دی گئی انھوں نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پرویز خٹک اور اعظم خان سواتی کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے تحصیل بٹگرام کے تحصیل کونسلروں کو شوکاز نوٹس جاری کریں