کوہاٹ، اسلام قبول کرنے پر لیڈی کانسٹیبل کا گلہ کاٹنے والے سابق شوہر اوربیٹے کو گرفتار کر لیا گیا

منگل 8 ستمبر 2015 09:10

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8ستمبر۔2015ء )کوہاٹ پنڈی روڈ پر علاقہ گمبٹ سے پولیس نے اسلام قبول کرنے پر لیڈی پولیس کانسٹیبل کا گلہ کاٹنے والے اقدام قتل میں مطلوب مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے سابق شوہر اوربیٹے کو گرفتار کر لیا ۔مبینہ ملزمان ندیم مسیح اور ساحل مسیح نے 5ستمبر کو بنوں کینٹ میں گھر کے اندر بشریٰ بی بی کا گلہ کاٹ کر ذبح کرنے کی کوشش کے بعد پنجاب فرار ہورہے تھے جنہیں گاڑی سے حراست میں لیا گیا ۔

ملزمان متاثرہ خاتون کا سابقہ شوہر اور بیٹا ہے جن کا تعلق مسیحی برادری سے ہے اور انہیں خاتون کے مسلمان ہونے اور دوسری شادی کرنے کا رنج تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق پانچ ستمبر کے روز بنوں کینٹ کے علاقے میں مبینہ ملزمان ندیم مسیح اور اسکے بیٹے ساحل مسیح نے گھر کے اندر گھس کر لیڈی پولیس کانسٹیبل بشرٰی بی بی کو چریوں سے گلہ کاٹ کر قتل کرنے کی کوشش کی اور واردات کے بعد گھر کے دروازے کو باہر سے تالہ لگا کر موقع سے فرار ہوگئے۔

(جاری ہے)

واقعہ کی اطلاع پر بنوں کینٹ پولیس نے خاتون کانسٹیبل کوزخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا اور اسکی مدعیت میں تھانہ کینٹ میں نامزد ملزمان باپ بیٹے کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے روپوش ملزمان کی گرفتار ی کیلئے وائرلیس کے ذریعے صوبہ بھر کی پولیس کو مطلع کیا ۔اس اطلاع پر تھانہ گمبٹ کوہاٹ پولیس کے ایس ایچ او انسپکٹر غلام مرتضیٰ نے پولیس نفری کے ہمراہ پنڈی روڈ پر چور لکی کراس کے قریب ناکہ بندی کر رکھی تھی کہ اس دوران بنوں سے راولپنڈی جا نے والی مسافر کوچ کو روکا گیا جس میں سوار ایک ملزم ندیم مسیح کو حراست میں لیا گیا اور اسکی نشاندہی پر رات دو بجے کے قریب ایک اور مسافرگاڑی سے واردات کے دوسرے نامزد ملزم ساحل مسیح کو بھی گرفتار کرکے تھانہ گمبٹ منتقل کر دیا گیا۔

پولیس نے دونوں ملزمان باپ بیٹے کو ابتدائی تفتیش کے بعد مقامی عدالت میں پیش کرنے کے بعد جوڈیشل ریمانڈ پر سنٹر ل جیل کوہاٹ منتقل کر دیا ہے۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان باپ بیٹے کا تعلق مسیحی برادری سے ہے جو متاثرہ خاتون کے سابقہ شوہر اور فرزند ہیں۔ملزمان سے ابتدائی پوچھ گچھ میں معلوم ہوا ہے کہ پانچ ماہ قبل لیڈی کانسٹیبل بشر یٰ بی بی عیسائی مذہب چھوڑ کر مسلمان ہوئی اور اپنے خاوند سے طلاق حاصل کرکے ذوہیب نامی شخص سے شادی کرلی جسکا ملزمان کو رنج تھااور اسی پاداش میں وہ بشر یٰ بی بی کو ذبح قتل کرنا چاہتے تھے