مقبوضہ کشمیر : بگ کشمیرمیراتھن دوڑ میں آزادی اور پاکستان کے حق میں نعرے ،بھارتی فوج اور پولیس کی طرف سے دوڑ کے شرکاء پر طاقت کا استعمال

پیر 14 ستمبر 2015 08:49

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14ستمبر۔2015ء)مقبوضہ کشمیر میں سرکاری سرپرستی میں ہونے والی21کلو میٹر طویل ”بگ کشمیر میراتھن “ ریس اس وقت دلچسپ صورت حال اختیار کرگئی جب دوڑ میں شامل کشمیری نوجوانوں نے اچانک آزادی اور پاکستان کے حق میں زبردست نعرے بازی شروع کردی ۔ تفصیلا ت کے مطابق ” بگ کشمیر میرا تھن“ نامی مقابلہ سرینگر کے علاقے نسیم باغ میں قائم کشمیر یونیورسٹی سے شروع ہونے کے فوراً بعد ہی بھارت مخالف مظاہرے میں بدل گیا ۔

(جاری ہے)

میڈیا رپوٹوں کے مطا بق کشمیری نوجوانوں نے دوڑ کی حفاظت پرمامور بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ شروع کیا اور آزادی اور پاکستان کے حق میں نعرے بازی شروع کر دی۔ بھارتی فورسز نے حبک کراسنگ کے نزدیک مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے گولے داغے ۔ اطلاعات کے مطابق کشمیری نوجوانوں نے اس موقع پر پاکستانی پرچم بھی لہرایا۔ آخری اطلاعات ملنے تک بھارتی فورسز کے اہلکاروں اور کشمیری نوجوانوں میں تصادم کا سلسلہ جاری تھا۔