بلاول بھٹو زرداری کا پارٹی میں نئے چہرے متعارف کرانے کا اصولی فیصلہ،، کرپشن میں ملوث عہدیداروں سے جان چھڑانے کیلئے نئی حکمت عملی کو جلد عملی جامہ پہنایا جائے گا،بلاول کو پارٹی کی صفوں میں کرپشن کے مکمل خاتمہ کے تہیہ پر مرکزی رہنماؤں سے سخت مخالفت کا بھی سامنا ہے، ذرائع

جمعرات 17 ستمبر 2015 09:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17ستمبر۔2015ء)پاکستان پیپلزپارٹی کے چےئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی میں نئے چہرے متعارف کرانے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے اور کرپشن میں ملوث مرکزی عہدیداروں سے جان چھڑانے کیلئے نئی حکمت عملی کو جلد عملی جامہ پہنایا جائے گا،بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کی صفوں میں کرپشن کا مکمل خاتمہ کا تہیہ کیا ہے جس پر انہیں مرکزی رہنماؤں سے سخت مخالفت کا بھی سامنا ہے۔

خبر رساں ادارے کو ذرائع نے بتایا ہے کہ پیپلزپارٹی کے چےئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عوام میں مقبول بنانے کیلئے پارٹی میں تطہیر کرنے کا پروگرام بنایا ہے،پیپلزپارٹی کے تمام مرکزی رہنماؤں کی اکثریت پر اربوں روپے کرپشن کے الزامات ہیں جس کی بدولت پارٹی عوام میں غیر مقبول ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما شوکت بسرا نے خبر رساں ادارے کو بتایا ہے کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ پیپلزپارٹی کے چےئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے اندر نئے چہرے متعارف کرانے کافیصلہ کیا ہے،اس حوالے سے نوجوان اور تجربہ کار لوگوں کا انتخاب کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اپردیر سے پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی اپنی کھوئی ہوئی ساکھ کو بحال کر رہی ہے،اپردیر میں پارٹی قیادت نے ایک مضبوط امیدوار کا انتخاب کیا جس سے پارٹی کو کامیابی حاصل ہوئی ہے،شوکت بسراء نے کہا کہ پارٹی میں کرپشن کسی طور پر برداشت نہیں کیا جائے گا اس حوالے سے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت پر کرپشن کے الزامات لگائے گئے ہیں جو ابھی تک ثابت نہیں ہوئے ہیں،پارٹی بھی کرپشن کے حوالے سے تحقیقات کر رہی ہے اب پارٹی میں کرپٹ عناصر کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے