سپریم کورٹ،متحدہ کے استعفوں کی منظوری کیلئے سینیٹر ظفرعلی شاہ کی دی گئی درخواست سماعت کیلئے منظور ، وزیراعظم،قائد حزب اختلاف ،چےئرمین سینیٹ ،سپیکر قومی اسمبلی ،وزیراعلیٰ سندھ ،سپیکر سندھ اسمبلی اور ایم کیو ایم اراکین اور الیکشن کمیشن سمیت 97افراد کو نوٹسز جاری،عدالت کا تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے استعفوں کا معاملہ ایک ساتھ لگانے کا حکم

جمعرات 17 ستمبر 2015 08:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17ستمبر۔2015ء)سپریم کورٹ نے ایم کیو ایم کے اراکین پارلیمنٹ کے استعفوں کی منظوری کیلئے (ن) لیگ کے سینیٹر ظفرعلی شاہ کی جانب سے دی جانے والی درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے وزیراعظم،قائد حزب اختلاف ،چےئرمین سینیٹ ،سپیکر قومی اسمبلی ،وزیراعلیٰ سندھ ،سپیکر سندھ اسمبلی اور ایم کیو ایم اراکین اور الیکشن کمیشن سمیت 97افراد کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کرلیا ہے،عدالت نے پاکستان تحریک انصاف اور ایم کیو ایم دونوں کے استعفوں کا معاملہ ایک ساتھ لگانے کا بھی حکم دیا ہے۔

سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردی گئی ہے۔چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے بدھ کے روز مسلم لیگ(ن) کے سینیٹر ظفر علی شاہ کی جانب سے ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کے ارکان کے استعفوں بارے دی گئی درخواستوں کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی،قومی اسمبلی،سینیٹ اور سندھ اسمبلی سے مستعفی ہوچکے ہیں،اس لئے اب ان کا اسمبلی میں واپس آنا غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔

ایم کیو ایم ارکان بار بار کہہ چکے ہیں کہ انہوں نے استعفے دے دئیے ہیں ان کے استعفے قبول کئے جائیں،ویسے بھی جب ایک بار فریق استعفی دیدے اور اس کی سپیکر کے پاس جاکر تصدیق بھی کردے تو پھر وہ استعفیٰ از خود منظور ہو جاتا ہے،اس لئے سپیکر قومی اسمبلی ،سپیکر سندھ اسمبلی ،چےئرمین سینیٹ اور الیکشن کمیشن کو حکم دیا جائے کہ وہ متحدہ قومی موومنٹ کے اراکین پارلیمنٹ سمیت دیگر کے استعفے منظور کرتے ہوئے تمام نشستوں کو خالی کرادیا جائے۔

اس پر عدالت نے درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے تمام فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کیا ہے۔عدالت نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کے ارکان کے استعفوں سے متعلق درخواستوں کو ایک ساتھ سماعت کیلئے لگایا جائے تاکہ دونوں کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جاسکے۔بعد ازاں عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردی