پوپ نے متنازع لاطینی پادری کو سینٹ کا درجہ دے دیا،فیصلے پر جہاں ہسپانوی کیتھولک خوشی منارہے ہیں، وہیں کچھ مقامی امریکی اس کو تنقید کا نشانہ بنایا

جمعہ 25 ستمبر 2015 07:28

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25ستمبر۔2015ء) امریکہ کے پوپ فرانسس کے اٹھارویں صدی کے پادری ہونی پیرو سیرا کوسینٹ نامزد کرنے کے فیصلے پر جہاں ہسپانوی کیتھولک خوشی منارہے ہیں، وہیں کچھ مقامی امریکی اس کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔سیرا، جنھوں نے اپنی زندگی موجودہ کیلیفورنیا میں گزاری، امریکہ میں سینٹ کا درجہ حاصل کرنے والے پہلے شخص ہیں۔

چرچ جانے والے لاطینی باشندوں کا کہنا ہے کہ سیرا کو یہ اعزا امریکی چرچ کی ہسپانوی تاریخ کے اعتراف میں بہت پہلے ہی مل جانا چاہیے تھا۔لیکن مقامی امریکیوں کی تنظیمیں سیرا پر امریکہ کے آبائی لوگوں کی نسل اور تہذیب کو تباہ کرنے میں مددگار بننے کا الزام لگاتے ہیں۔سیرا سینٹ فرانسیسیئن کے پیروکار تھے جنھوں نے اٹھارویں صدی عیسوی میں کیلیفورنیا میں عیسائی مذہب متعارف کروایا۔

(جاری ہے)

مقامی امریکیوں کا کہنا ہے کہ انھوں نے ہسپانوی فاتحین کے ہاتھوں ہزاروں مقامی امریکیوں کے قتل میں اہم کردار ادا کیا۔لیکن ان کا دفاع کرنے والوں کا اصرار ہے کہ انھوں نے اس لڑائی میں اعتدال پسند کا کردار ادا کیا تھا۔پاپائے روم جو امریکہ کے پہلے سرکاری دورہ پر ہیں، ہونی پیرو سیرا کا دفاع کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ انھوں نے مقامی امریکیوں کی مدد کی تھی۔

پوپ نے بدھ کو کہا کہ ’سیرا چرچ کی یکجہتی کی علامت تھے جس کا اعتراف کیا گیا ہے۔ آج ہم ان ہی کی طرح کہنے کے قابل ہیں، آگے بڑھو اور بڑھتے چلے جاوٴ۔‘پوپ نے یہ اعلان اپنی مادری زبان ہسپانوی میں بات کرتے ہوئے واشنگٹن میں ہونے والے ایک مذہبی اجتماع سے کیا جس میں 25000 افراد نے شرکت کی۔پوپ نے باوجود تنقید اپنا یہ فیصلہ برقرار رکھا، جس پر اس سال جنوری میں یہ بحث بھی چھڑ گئی تھی کہ پوپ نے سیرا کو سینٹ کا درجہ دیتے وقت اس معیار کو مدِنظر نہیں رکھا جس میں سینٹ کا درجہ حاصل کرنے والے شخص سے کم از کم دو معجزوں کا منسوب ہونا لازمی ہے۔